بدقسمتی سے ہمارے کھلاڑی مستقل مزاجی کا مظاہرہ نہیں کر پا رہے، شعیب ملک

Shoaib Malik

Shoaib Malik

موہالی (جیوڈیسک) قومی ٹیم کے تجربہ کار مڈل آرڈر بلے باز شعیب ملک نے ٹیم میں گروپ بندی کی باتوں کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ بدقسمتی سے ہمارے کھلاڑی مستقل مزاجی کا مظاہرہ نہیں کر پا رہے۔

موہالی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شعیب ملک کا کہنا تھا کہ ٹیم میں گروپ بندی کی باتیں بے بنیاد ہیں اور اس حوالے سے مزید کوئی بات نہیں کرنا چاہتا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہر کھلاڑی کی خواہش ہوتی ہے کہ ٹیم جیتے اور اگر آفریدی کی قیادت میں پاکستان نے ورلڈ کپ جیتا تو مجھ سے زیادہ خوشی کسی اور کو نہیں ہو گی۔

شعیب ملک کا کہنا تھا کہ ٹاپ ٹیموں کی مقامی لیگز بہت مضبوط ہیں اس لئے ان کی کرکٹ اچھی ہے جب کہ بدقسمتی سے ہمارے کھلاڑی مستقل مزاجی کا مظاہرہ نہیں کر پا رہے۔ انھوں نے کہا کہ محمد عامر غیر معمولی صلاحیتوں کا حامل بولر ہے اور اس کی کاکردگی میں دن بدن نکھار آتا جا رہا ہے۔

واضح رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھارت اور نیوزی لینڈ سے سے شکست کے بعد قومی ٹیم میں گروپ بندی کی باتیں زیر گردش ہیں جب کہ اس قسم کی خبریں بھی میڈیا کی زینت بنیں کہ کھلاڑیوں کی میٹنگ کے دوران ہیڈ کوچ وقار یونس نے اچھا پرفارم نہ کرنے پر محمد عامر کو ڈانٹا۔