برطانیہ: اسٹریٹ فوڈ ایورڈ

Street Food

Street Food

لندن (جیوڈیسک) اگر یہ کہا جائے کہ کھانا پکانا یا کھانا بیچنا دونوں بڑی مہارت کےکام ہیں تو غلط نا ہوگا۔ ہم یہاں ذکر سٹرک کے کھانا فروشوں کے ٹھیلوں کا کر رہے ہیں جن کی چلتی پھرتی دوکانیں نام سے زیادہ ذائقے کی وجہ سے پہچانی جاتی ہیں۔ لیکن، برطانیہ میں اسٹریٹ فوڈ کو ذائقے کے ساتھ ساتھ دوکان کی خوبصورتی کی وجہ سے بھی پہچان ملی ہے۔

برطانیہ میں ایسے کھانا فروشوں کی کمی نہیں جو سڑکوں، بازاروں، پارکوں، اسکولوں، میلوں اور دفاتر کے باہر خوبصورت موبائل وین میں دلچسپ پوشاک پہن کر کھانا بیچتے ہوئے نظر آتے ہیں۔

اور سالانہ برٹش اسٹریٹ فوڈ ایوارڈ دراصل برطانیہ کے ایسے ہی سڑک کے کھانا فروشوں کے لیے ہے جو صرف اپنے کھانوں کے ذائقے پر ہی نہیں بلکہ اپنی دوکان کی سجاوٹ پر بھی توجہ رکھتے ہیں اور نت نئے انداز میں کھانا فروخت کر رہے ہیں۔

دو روزہ برٹش اسڑیٹ فوڈ فیسٹیول 2016 کا اہتمام ہفتے اور اتوار کی شب برطانیہ کے بڑے شہر برمنگھم میں کیا گیا تھا اس منفرد میلے میں برطانیہ بھر سے مختلف کمیونٹیز اور مقامی آبادی نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔

سالانہ اسٹریٹ فوڈ میلے اور ایوارڈ کے سلسلے میں ججز کی طرف سے ملک بھر سے 17 حتمی امیدواروں کو فائنل مقابلے کے لیے منتخب کیا گیا تھا۔

جن میں کینٹ سے ایٹ اینڈ فارم، لندن سے چکی برگر، برمنگھم سے بیکڈ ان بریک، واروک شائر سے بدھا بیلے، لندن سے چکی انڈیا، لنکا شائر سے مین میٹ فائر اور دیگر شامل تھے۔

دنیا کے مختلف حصوں سے آئے ہوئے ذائقوں اور مسالوں کو یکجا کرنے والے فوڈ میلے میں متنوع اقسام کے کھانوں کے موبائل اسٹال لگائے گئے۔

میلے کی خاص بات یہ بھی تھی کہ یہاں ایسے فوڈ اسٹالز بھی تھے جنھیں چھوٹی کشتی، ٹرین کی بوگی اور رکشہ کے ڈیزائن میں تیار کیا گیا تھا۔

میلے میں بعض دوکانداروں نے اپنی وین، چھوٹے ٹرک کو منی کیفے اسٹائل ریسٹورنٹ یا دھابوں میں تبدیل کر رکھا تھا۔

کھانوں کے ان اسٹالوں پرگوشت کے پکوان اسٹیک، باربی کیو ریب، اسٹیم چکن کے ساتھ ساتھ سبزی کے پکوانوں بھجیا، آلو چاٹ اور دوسا جیسے پکوان فروخت کئے جارہے تھے جن کی اشتہا انگیز خوشبو دور دراز سے آئے ہوئے لوگوں کو اپنی جانب کھنچنے میں کامیاب رہی.

میلہ میں برطانیہ کے بہترین اسٹریٹ فوڈ کے ساتھ بہتر نظر آنے والی موبائل دوکان کے فاتح کا بھی اعلان کیا گیا۔

اس کے علاوہ بہترین برگر، بہترین سینڈوچ، بہترین، میٹھی ڈش اور بہترین سبزی کی ڈش سمیت بہترین باربی کیو ڈش کا انتخاب پبلک چوائس ووٹنگ اور ججز کے فیصلے سے کیا گیا۔

میلے میں برطانیہ کے بین الثقافتی معاشرے کی کھل کر عکاسی ہوئی اور بہترین برٹش اسٹریٹ فوڈ کا ایوارڈ بیکڈ ان بریک کی برمنگھم ٹیم کے حصے میں آیا.

بیکڈ ان بریک ٹیم نے میلےکےحاضرین کی بھر پور توجہ حاصل کی انھوں نے اپنی منی کلاسک منی کار کو لکڑی کے تندور میں تبدیل کر رکھا تھا جبکہ کار کے انجن کی جگہ پر کبابوں کو سیکنا جارہا تھا۔

چکی برگر کو بہترین اسٹریٹ برگر کا ایوارڈ دیا گیا اور گڈ لکنگ موبائلر کا ایوارڈ یورک شائر کے کھانا فروش نے’گھوڑے کے باکس’ پر دوکان کے لیے حاصل کیا جسےخاص طور پر منی ریسٹورنٹ کے طرز پر آراستہ کیا گیا تھا۔

رچرڈ جانسن برٹش اسٹریٹ فوڈ ایوارڈز کے بانی ہیں اور ججز کےپینل میں بھی شامل ہیں انھوں نے کہا کہ ہمارا خیال تھا کہ ایک مقامی ٹیم پیپلز چوائس ایوارڈ کے لیے زیادہ ووٹ حاصل کرئے گی لیکن ججز کے پینل نے برمنگھم کے اسٹریٹ فوڈ بیکڈ ان بریک کو ملک کا بہترین اسٹریٹ فوڈ قرار دیا ہے

سالانہ فوڈ میلے کا انعقاد ڈگ بیتھ ڈائننگ کلب کی طرف سے کرایا جاتا ہے جس نے چار سال پہلے برٹش اسٹریٹ فوڈ ایوارڈ کی روایت قائم کی تھی۔

میلے کی منتظمین میں شامل سارا نے وی او اے کو بتایا کہ اس سال فوڈ میلہ انتہائی کامیاب رہا اور ویک اینڈ پر لوگوں نے اپنے خاندانوں کے ساتھ میلے کو خوب انجوائے کیا ان کا کہنا تھا کہ اس میلے کا مقصد لوگوں کو ملک بھر کے بہترین اسٹریٹ فوڈ سے متعارف کرانا ہے اس کے ساتھ ہی یہ میلے برطانوی معاشرے کی ملٹی کلچرل ثقافت کو درست انداز میں پیش کرتے ہیں۔