اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں وزیر اعظم پاکستان کا خطاب قوم کے جذبات کی ترجمانی ہے: عصمت انور محسود

Karachi

Karachi

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صوبائی رہنماء عصمت انور محسود نے کہا کہ ملک میں معاشی و سیاسی استحکام وزیر اعظم پاکستان میاں نواز شریف کی سیاسی تدبر کی دلیل ہے اقوام متحدہ کے جنرل اسمبلی سے پاکستانی عوام کی نمائندگی کرتے ہوئے وزیر اعظم پاکستان میاں نواز شریف نے جو تاریخی خطاب کیا ہے وہ قوم کے جذبات کی ترجمان ہے۔

ہماری سیاسی و عسکری قیادت دہشت گردی ،لاقانونیت سے نبرد آزما ہونے کے ساتھ ساتھ اپنے تمام پڑوسی ممالک سے خوشگوار اور بہتر تعلقات چاہتی ہے مگر ہماری امن پسندی اور خلوص نیت کو ہماری کمزوری نہ سمجھا جائے امن ہو یا جنگ پوری قوم اپنی سیاسی و عسکری قیادت کے ساتھ کھڑی ہے ان خیالات کا اظہار مسلم لیگ (ن) کے صوبائی رہنماء عصمت انور محسود نے شاہ فیصل کالونی میں کارکنان کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر علاقہ معززین ،عمائدین اور عوام کی کثیر تعداد بھی موجود تھی عصمت انور محسود نے کارکنان سے کہاکہ وہ بلدیاتی انتخابات کی بھر پور تیاری کریں مسلم لیگ(ن) کل بھی متحد تھی آج بھی ہے اور انشا اللہ آئندہ بھی متحد رہے گی انتشار پیدا کرنے والوں کو ہمیشہ شکست کا سامنا ہوگا عصمت انور محسود نے کہاکہ کارکنان فعال اور منظم انداز میں عوامی رابطہ مہم چلائیں اور وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کا پیغام عوام تک پہنچا ئیں انہوں نے کہاکہ انشا اللہ ضمنی انتخابات سمیت سندھ اور پنجاب میں بلدیاتی انتخابات میںمسلم لیگ (ن) عوامی قوت کے ساتھ سرخرو ہو گی۔