امریکا :صدارتی امیدواروں میں آخری مباحثہ بھی الزام تراشیوں کی نظر

United States Presidential Candidates Debates

United States Presidential Candidates Debates

واشنگٹن (جیوڈیسک) امریکا کے صدارتی امیدواروں کے درمیان آخری مباحثہ بھی ایک دوسرے پر الزام تراشیوں ، گن رائٹس اور روسی صدر ولادی میر پیوٹن کی نظر ہو گیا لیکن پالیسیوں پر بات چیت نہ ہوئی ۔ ڈونلڈ ٹرمپ اور ہیلری کلنٹن کے مابین تیسرا اور آخری مباحثہ اختتام پذیر ہوا۔

لاس ویگاس میں ہوئے مباحثے میں صدارتی انتخاب کی دوڑ میں شامل ڈیموکریٹک پارٹی کی امیدوار ہیلری کلنٹن اپنے حریف رپبلکن پارٹی کے امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ پر نو پوائنٹس کی برتری سے میدان میں اتریں ۔ دونوں امیدواروں نے روایات کے برعکس ایک دوسرے سے ہاتھ نہیں ملایا ۔ ہلیری کلنٹن نے ٹرمپ کو ایک خطرناک صدر قرار دے دیا ۔ انہوں نے کہا ٹرمپ کو گن لابی کی حمایت حاصل ہے۔

ہلیری نے کہا روسی صدر ولادی میر پپوٹن امریکا پر حملے کر رہا ہے کیونکہ یہاں اس کے ٹرمپ جیسے دوست ہیں ، ٹرمپ نے ہلیری کے الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ وہ پیوٹن کو جانتے بھی نہیں ، انہوں نے کہا ہلیری اور صدر اوباما کی پالیسیوں سے داعش نے جنم لیا ۔ ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ وہ امریکا کو ایسا ملک بنا دیں گے جس پر سب کو فخر ہوگا ۔ دونوں امیدواروں نے ملکی معیشت اور تارکین وطن کے معاملے پر بھی ایک دوسرے کو نیچا دکھانے کی کوشش کی ، مباحثے میں ہیلری اور ٹرمپ کے حامی بہت پرجوش نظر آئے ۔ ووٹرز کو متوجہ کرنے اور مخالف کو نیچا دکھانے کے لیے پوسٹرز ، ٹرکوں پر پینٹنگز اور دیگر طریقوں کا استعمال کیا گیا۔