امریکہ اتحادیوں کے حملے کا خدشہ : بچہ بچہ لڑنے کیلئے تیار ہے: صدر وینزویلا

Nicolas Maduro

Nicolas Maduro

کراکس (جیوڈیسک) وینزویلا کے صدر نکولس مادورو نے امریکی حملے کے پیش نظر فوج کو جنگی مشقیں کرنے کے احکامات صادر کر دئیے ہیں۔

کراکس میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے نیکولیس مادورو کا کہنا تھا کہ امریکہ اور اس کے اتحادی وینزویلا کو معاشی طور پر غیر مستحکم کرنے کیلئے ان کے ملک پر حملہ کرنے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔

انہیں کہا کہ کچھ قوتیں وینزویلا کو ترقی کی راہ پر گامزن ہوتا نہیں دیکھنا چاہتیں۔ ان کا مزید کہنا تھا وینزویلا کے دفاع کیلئے انہوں نے فوج کو الرٹ اور جنگی مشقیں کرنے کی ہدایت جاری کردی ہے۔ ملکی دفاع کیلئے قوم کا بچہ بچہ دشمنوں سے لڑنے کیلئے تیار ہے۔

دریں اثناء صدر نکولس مادورو نے پیداوار کرنے والی فیکٹریوں کو ضبط کرنے اور ان کے مالکان کو جیل بھیجنے کی دھمکی دی ہے۔ انہوں نے کہا معاشی بحران سے نکلنے کے لیے ملک میں پیداواری صلاحیت کو بحال کرنا ہوگا۔ ملک میں مسائل کا سبب بننے والی غیر ملکی جارحیت کو روکنے کے لیے ہنگامی حالت نافذ کرنے کی ضرورت تھی۔