امریکی انتخابات میں روس سے رابطے، مائیکل فلن کا اعتراف جرم

Michael Flen

Michael Flen

واشنگٹن (جیوڈیسک) سابق امریکی قومی سلامتی کے مشیر مائیکل فلن واشنگٹن کی عدالت میں پیش ہوئے۔ فلن نے عدالت کے روبرو ایف بی آئی سے جھوٹ بولنے کا اعتراف کر لیا۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے قومی سلامتی کے سابق مشیر مائیکل فِلن نے امریکا میں روسی سفیر کے ساتھ اپنے رابطے کے بارے میں ایف بی آئی سے غلط بیانی سے کام لیا۔

عدالت نے کہا مائیکل فلن نے ایف بی آئی کو جان بوجھ کر غلط اور حقائق کے خلاف بیان دیا۔ مائیکل فلین نے گزشتہ سال دسمبر میں ٹرمپ کے عہدہ صدارت سنبھالنے سے قبل روسی سفیر سے ملاقات کی۔

ٹرمپ ٹاور میں ہونے والی ملاقات میں امریکی صدر کے داماد جیرڈ کشنر بھی موجود تھے۔

مائیکل فلین نے روسی سفیر سرگئی کیسلک سے پانچ بار ملاقات کی اور صدر اوباما کی روس پر پابندیوں کے معلومات کا تبادلہ کیا۔ مائیکل فلن کو عہدے پر تعیناتی کے ایک ماہ بعد فروری میں برخاست کر دیا گیا تھا۔