امریکی صدر اور شمالی کوریا کے سربراہ تاریخی ملاقات کیلیے سنگاپور پہنچ گئے

Donald Trump

Donald Trump

سنگاپور سٹی (جیوڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ ان تاریخی ملاقات کے لیے سنگاپور پہنچ گئے۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق عصرِ حاضر کی تاریخی ملاقات کے لیے امریکی صدر اور شمالی کوریاکے سربراہ سنگاپور میں موجود ہیں جہاں دونوں رہنماؤں کی اہم ملاقات 12 جون کو ہوگی۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کینیڈا میں جی سیون سمٹ میں شرکت کے بعد براہ راست سنگاپور پہنچے تو ایئرپورٹ پر ان اعلیٰ حکام نے ان کا استقبال کیا ، اس موقع پر سیکورٹی کے سخت انتطامات کیے گئے تھے۔

قبل ازیں شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ اُن کا سنگاپور کے چانگی ایئرپورٹ پہنچنے پر ان کا پُر تپاک استقبال کیا گیا۔

ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کے دوران شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ ان امریکی صدر سے ملاقات کو تاریخی قرار دیتے ہوئے خطے پر اس کے مثبت اثرات کے لیے پُر عزم دکھائی دیتے ہیں، ادھر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ملاقات کے نتائج کے حوالے سے زیادہ پُرامید نہیں جس کا اظہار وہ جی سیون اجلاس کے اختتام پر میڈیا سے گفتگو کے دوران کر چکے ہیں۔

سنگاپور کے خوبصورت جزیرے سینٹوسا کے فائیو اسٹار ہوٹل کپیلا میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ ان کے درمیان 12 جون کو ہونے والی تاریخی ملاقات کے لیے انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ اس ملاقات کے لیے گزشتہ کئی ماہ سے سفارتی سطح پر مذاکرات جاری تھے اور باہمی رضامندی سے ملاقات کی تاریخ طے کرنے کے بعد بھی غیر یقینی صورت حال برقرار رہی جب کہ امریکی صدر ایک بار ملاقات منسوخ بھی کرچکے تھے۔