امریکا: سکھ کیمونٹی کا بھارت کے یوم آزادی کے بائیکاٹ کا اعلان

Sikh Community

Sikh Community

نیویارک (جیوڈیسک) امریکا میں مقیم سکھ کیمونٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ 14 اگست کو پاکستان کی یوم آزادی کی تقریبات میں وہ بھرپور شرکت کرینگے لیکن 15 اگست کو بھارت کے یوم آزادی کی تقریبات کا بائیکاٹ کرتے ہوئے یوم سیاہ منایا جائیگا۔

انہوں نے کہا کہ نریندر مودی جب گجرات کا وزیراعلٰی تھا تو اُس نے مسلمانوں کی سرعام گردنیں کٹوائی تھیں آج وہ بھارت کا وزیراعظم بن کر کشمیر میں اور بھارت میں موجود اقلیتوں کے خون سے ہولی کھیل رہا ہے اور کوئی بھی ملک اس بدمست ہاتھی کو روکنے کی کوشش نہیں کر رہا۔ نیویارک کے ممتاز وکیل تاجیندر سنگھ نے ” دنیا نیوز ” نارتھ امریکہ کے نمائندے ندیم منظور سلہری سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کے ” رام رام ” کرنے والے نریندر مودی نے پاکستان کے پردھان منتری نواز شریف کو ” رام ” کر رکھا ہے اسی لیئے بھارت کے حوصلے بلند ہو رہے ہیں ۔

انہوں نے الزام لگایا کہ سب کو پتہ ہے کہ بھارتی خفیہ ایجنسی ” را ” افغانستان سے مل کر پاکستان میں بم دھماکے کروا رہی ہے لیکن سب بڑے ممالک خاموش تماشائی سا کردار ادا کر رہے ہیں اگر کل کو بھارت میں کوئی بم دھماکہ ہو جاتا ہے تو پھر یہی بڑے ممالک بھارت کی زبان بولتے ہوئے پاکستان پر شکنجہ کسنے کے لیئے پَر تولنا شروع کر دینگے انہوں نے کہا کہ امریکہ میں مقیم سکھ کیمونٹی بھارت کا یوم آزادی ” یوم سیاہ ” کے طور پر منائے گی اور بھارتی پرچم بھی نظر آتش کرینگے۔

ہم نے اقوام متحدہ اور وائٹ ہاوس کو خطوط ارسال کر دئیے ہیں کہ سکھ عوام بھارت کی غلامی سے نجات حاصل کرنے کے لیئے جدوجہد کر رہی ہے اور ہم بھارت سے آزادی لیکر دم لینگے اور کشمیر میں جاری کشمیریوں کی تحریک کی ہم مکمل حمایت کرتے ہیں اگر پاکستان ہماری مدد کرئے تو ہم بہت جلد خالصتان اور کشمیر آزاد کرا سکتے ہیں۔