امریکا میں برفباری، بارش سے کاروبار زندگی متاثر

America Snow

America Snow

نیویارک (جیوڈیسک) امریکا میں موسم کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے، کہیں برفباری اور کہیں لینڈ سلائیڈنگ، شدید برفباری اور بارش کے باعث ریاستوں کیلیفورنیا، نیواڈا اور اوریگون میں کاروبار معمولات زندگی میں رخنہ پڑ گیا۔

امریکی محکمہ موسمیات کا کہنا ہے موسم بے اعتبار ہو گیا ہے۔ ہوا میں نمی کے باعث کیلیفورنیا میں شدید بارشیں شروع ہو گئیں۔ کیلیفورنیا کے علاقے سکارمینٹو کنٹری میں دریائے موکلم کا بند ٹوٹ گیا جس سے وسیع علاقہ پانی میں ڈوب گیا۔

ولٹن کے علاقے سے پانچ ہزار افراد کو نقل مکانی کرنا پڑی ۔ ہالی ووڈ کے قریبی پہاڑی علاقے لارل کینین میں بارش کے باعث لینڈ سلائڈنگ ہوئی۔

واقعے میں کوئی شخص ہلاک یا زخمی نہیں ہوا ، ادھر ریاست اوریگون کے شہر پورٹ لینڈ میں ایک فٹ برف گرنے سے معمولات زندگی ٹھپ ہو گئے ، تعلیمی ادارے بند کر دیئے گئے ہیں ۔ برف سے ڈھکی سڑکوں پر ڈرائیونگ میں مشکلات کے باعث لوگوں کو گاڑیاں چھوڑنا پڑیں۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات نے سیرا نیواڈا کے پہاڑی علاقے میں برف کے ساتھ طوفانی ہوا چلنے کی پیشگوئی کی ہے لیکن اس موسم کی سختی کا مزہ اوریگون کے چڑیا گھر میں برفانی ریچھ اور ہاتھی نے لیا۔