یوٹیلٹی اسٹورز پر ملنے والی اشیا پر سبسڈی ختم کیے جانے کا انکشاف

Utility Stores

Utility Stores

اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیر صنعت و پیداوار کے پارلیمانی سیکریٹری راؤ اجمل نے ایوان زیریں میں انکشاف کیا ہے کہ حکومت نے یوٹیلیٹی اسٹورز پر ملنے والی اشیا پر سبسڈی ختم کردی ہے ہم نے حکومت کو یہ سفارشات بھیجی ہیں کہ یوٹیلٹی اسٹورز پر آٹے چینی تیل اور گھی پر سبسڈی فراہم کی جائے۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے رکن اسمبلی عمران ظفر لغاری سید غلام مصطفی شاہدہ رحمانی اورعبدالستاربچانی کی جانب سے یوٹیلٹی اسٹورز پر اشیائے ضروریہ پرسبسڈی نہ دینے سے متعلق توجہ دلاؤ نوٹس کا جواب دیتے ہوئے کیا۔ انھوں نے کہا کہ 2007 میں دیہی علاقوں سمیت ملک بھر میں 5 ہزار سے زائد یوٹیلٹی اسٹوربنائے گئے جس میں 14 ہزار سے زائد ملازمین کام کر رہے ہیں، اس وقت یوٹیلیٹی اسٹورز پرکسی بھی قسم کی سبسڈی نہیں دی جا رہی ہے۔

لہذا اس معاملے کو قائمہ کمیٹی کے سپردکیاجائے، رکن اسمبلی عبدالستاربچانی نے کہا کہ اگر یوٹیلٹی اسٹور پرسبسڈی نہ دی جائے تو اس کے رہنے کاکیا مقصد ہے جس پر پارلیمانی سیکریٹری نے کہاکہ ہم نے حکومت کو یہ تجویز دی ہے کہ یوٹیلٹی اسٹورز پرکم قیمت اشیا فراہم کی جائیں مگر 2014 سے سبسڈی ختم کر دی گئی، رکن اسمبلی شگفتہ جمانی نے کہا کہ یوٹیلٹی اسٹورز پر صرف غیرمعیاری اشیا ملتی ہیں جس پرپارلیمانی سیکریٹری نے کہاکہ نشاندہی کریں، کارروائی کریں گے۔