یوٹیلٹی سٹورز کو سبسڈی دینے کا حکومتی اعلان، عملدرآمد نہ ہونے کے برابر

Utility Stores

Utility Stores

ملتان (جیوڈیسک) حکومت نے ماہ رمضان میں یوٹیلٹی سٹورز کو 1 ارب 70 کروڑ روپے کی سبسڈی دینے کا اعلان کیا ہے، جس پر عملدرآمد نہ ہونے کے باعث سٹورز پر اشیائے خوردونوش نایاب ہوچکیں ہیں۔

ماہ رمضان کی آمد قریب ہے لیکن اس کے باوجود یوٹیلٹی سٹورز پر آٹا، گھی، چینی، دالیں، چاول اور بیسن دستیاب نہیں، جس کی فراہمی کے لیے یوٹیلٹی سٹورز کے حکام نے مختلف کمپنیوں سے رابطے بھی کیے ہیں، لیکن کوئی بھی کمپنی کریڈٹ پر اشیائے خوردونوش دینے کو تیار نہیں ہے۔

حکومت یوٹیلٹی سٹورز پر 1 ارب 73 کروڑ روپے کی سبسڈی دینے کا اعلان کر چکی ہے لیکن عملدرآمد نہ ہونے کے باعث شہریوں کی اکثریت سستی اشیائے خوردونوش کی تلاش میں مختلف سٹورز پر خوار ہو رہی ہے۔

شہر میں سستے رمضان بازاروں کے قیام کے حوالے سے بھی تاحال اقدامات نہیں کیے گئے جس کی وجہ سے عام مارکیٹ سے خریداری کرنے پر شہریوں کے معاشی استحصال کا سلسلہ جاری ہے۔