وادی: برہان وانی کی پہلی برسی، شہید کو زبردست خراج عقیدت، شہر شہر مظاہرے

Burhan Wani

Burhan Wani

مظفر آباد (جیوڈیسک) برہان مظفر وانی شہید کی پہلی برسی کے موقع پر کنٹرول لائن کے دونوں اطراف شہید کو پوری قوم شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کر رہی ہے۔

برہان مظفر وانی نے کشمیر میں جاری تحریک آزادی کے لیے بندوق کے ساتھ ساتھ سوشل میڈیا کو بطور ہتھیار پھرپور انداز میں استعمال کیا، شہید نے بھارتی مظالم کو بے نقاب کرنے اور جابر افواج کا مقابلہ کرنے کے لیے دیگر نوجوانوں کو مسلح جدوجہد پر آمادہ کیا۔ برہان مظفر وانی نے تحریک آزادی کشمیر کو نیا انداز اور روپ دیا جواب میں بھارتی افواج نے بھی بربریت کی انتہا کر تے ہوئے نہتے کشمیریوں پر پیلٹ گن سمیت خطرناک اسلحے کا بے دریغ استعمال کیا۔

ایک سال کے دوران بھارتی افواج نے 200 سے زاہد بے گناہ کشمیریوں کو شہید جبکہ 18000 ہزار کو زخمی کیا۔ پیلٹ گن کے استعمال سے ایک سو افراد مکمل نابینا 200 نوجوانوں کو ایک انکھ سے محروم کر دیا گیا۔ عصمت دری اور چادر و چار دیواری کی پامالی کی بھی ہزاروں وارداتیں کی گئیں۔ برہان مظفر وانی کے پہلے یوم شہادت پر پوری کشمیری قوم نے اس عہد کی تجدید کی ہے کہ حصول آزادی تک تحریک جاری رہے گی۔ دوسری طرف مقبوضہ وادی میں کرفیو، نظر بندیوں اور گرفتاریوں کا سلسلہ جاری ہے۔ انٹرنیٹ اور ٹیلی فون کی سروس بھی معطل ہے، جبکہ پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کا گلا دبا دیا گیا ہے۔

واضح رہے 22 سال کی عمر میں وطن کی آزادی کی خاطر جام شہادت نوش کرنے والا برہان وانی کشمیر میں جاری تحریک کی نئی شمع روشن کر گیا، وانی کے جنازے پر شرو ع ہونے والا مظاہروں کا سلسلہ ایک سال بعد بھی نہ تھما، بچے، بڑے، خواتین اور بزرگ سب وانی کی شہادت کے بعد سڑکوں پر نکل آئے اور 69 سال سے وادی پر قابض بھارتی فوج کے خلاف زبردست مظاہرے ہوئے۔ کشمیریوں کی آواز دبانے کے لیے بھارت نے طاقت کا بھرپور استعمال کیا اور 100 سے زائد کشمیریوں کو شہید جبکہ ہزاروں کو بصارت سے محروم کر دیا، ابھی توایک سال ہوا ہے، بھارتی فوج کو سمجھنا ہوگا کہ کشمیر کی آزادی تک یہ احتجاج تھمنے والانہیں۔

یاد رہے برہان وانی نے پلواما کے علاقے ترال میں ایک اعلیٰ تعلیم یافتہ گھرانے میں آنکھ کھولی، برہان کے والد مظفر احمد وانی ایک سرکاری سکول میں پرنسپل جبکہ والدہ میمونہ مظفر پوسٹ گریجوایٹ آف سائنس ہیں، برہان وانی خود بھی ایک ہونہار طالبعلم تھا جس نے صرف 15 سال کی عمر میں بھارتی فوج کے خلاف ہتھیار اٹھائے، برہان وانی سماجی میڈیا پر کشمیری نوجوانوں کے لیے ایک آئیڈل جبکہ قابض فوج کی آنکھ کا کانٹا بن چکا تھا، 21 سال کی عمر میں برہان وانی نے ایک ویڈیو میں کشمیری نوجوانوں کو ہندوستان کے خلاف مسلح جدوجہد کا حصہ بننے کی دعوت دی۔ آٹھ جولائی کو ترال میں جعلی مقابلے میں برہان وانی کو شہید کردیا گیا، برہان وانی کے بڑے بھائی خالد مظفر وانی کو بھارتی فوج نے 2013 میں شہید کر دیا تھا، وہ پولیٹکل سائنس کے طالب علم تھے۔