ویلیوایڈڈ ٹیکسٹائل سیکٹر کو اجلاس میں نہ بلانے پر تشویش

Textile  Sector

Textile Sector

کراچی (جیوڈیسک) ویلیوایڈڈ ٹیکسٹائل انڈسٹری نے وزیراعظم نواز شریف کے رویے پرتشویش کا اظہارکرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈھائی سال بعد برآمدی تنظیموں کے نمائندوں کو ملاقات کا وقت دیا گیا لیکن اس اہم ملاقات میں انہوں نے صرف اسپننگ سیکٹرکی نمائندہ اپٹما کو ترجیح دیتے ہوئے ویلیوایڈڈ ٹیکسٹائل سیکٹر کو یکسر نظرانداز کرنے کی پالیسی اختیارکی جس پر ویلیوایڈڈ ٹیکسٹائل انڈسٹری نے حیرت کا اظہار کیا ہے۔

ویلیو ایڈڈ ٹیکسٹائل سیکٹر کے رہنما محمد جاوید بلوانی نے کہا کہ اسپننگ سیکٹر کی مجموعی برآمدات صرف 1ارب 80 کروڑ ڈالر ہیں جبکہ ویلیوایڈڈ اپیرل ایکسپورٹ 5 ارب 26 کروڑ ڈالرہے جسے وزیراعظم نے حالیہ اجلاس میں یکسرنظر انداز کیا، اجلاس میں صرف دھاگہ بنانے والوں کوضرورت سے زیادہ وقت دیاگیا جنہوں نے اپنی پریزنٹیشن میں یہ تاثر دیا کہ وہ ساڑھے 13 ارب ڈالرکی برآمدی صلاحیت کے حامل پورے ٹیکسٹائل سیکٹر کی نمائندگی کرتے ہیں جبکہ حقیقت اس کے برعکس ہے۔

محسوس ہوتا ہے کہ وزیراعظم نے بھی اپنے آنکھیں بند کرکے اپٹما کے ہاتھوں گمراہ ہونے کوترجیح دی، یہی وجہ ہے کہ پاکستانی برآمدات بڑھنے کے بجائے تنزلی کا شکارہیں۔

انہوں نے وفاقی کابینہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پوری وفاقی کابینہ کو معاملات کا کوئی احساس ہی نہیں ہے جس نے اپٹما کو ملاقات میں ترجیح دی جبکہ اپیرل سیکٹر کے صرف ایک حصے ہوزری نٹڈ گارمنٹس کی برآمدات ڈھائی ارب ڈالر، نٹڈ فٹڈ بیڈشیٹس کی برآمدات 75 کروڑ ڈالر اور وون گارمنٹس کی برآمدات 2 ارب 10 کروڑ ڈالرہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ امر شرمناک ہے کہ 5 ارب 26 کروڑ ڈالر کی برآمدات کے حامل ویلیو ایڈیڈ اپیرل سیکٹرکو بولنے کا موقع ہی نہیں دیا گیا جبکہ 5 کروڑ، 10 کروڑ اور 20 کروڑ کی برآمدات کے شعبوں کو بلاوجہ اہمیت دے کر پریزنٹیشن کے لیے زیادہ وقت دیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار، وزیر تجارت خرم دستگیر اور چیئرمین ایف بی آر کو گزشتہ اور موجودہ بجٹ کے دوران واضح طور پر کہہ دیا تھا کہ اگر لاپرواہ حکومت نے حریف ممالک خصوصاً بنگلا دیش کے مقابلے میں خام مال، گیس، بجلی، پانی کے نرخوں میں کمی نہیں کی تو ہماری برآمدات میں تیزی سے کمی ہوگی اوراگر حکومت کی غفلت اور غیر ذمے داری یونہی رہی تو رواںمالی سال کے دوران برآمدات میں 20 فیصد کمی ہوجائے گی۔

جاوید بلوانی نے وزیر اعظم نواز شریف سے اپیل کی کہ وہ اپیرل سیکٹر کی اہمیت کا احساس کر کے ترجیحی بنیادوں پر ویلیو ایڈڈ اپیرل سیکٹر کے مسائل حل کرائیں تاکہ ہم اپنے حریف ممالک بنگلہ دیش، بھارت، ویت نام اور چین وغیرہ سے مسابقت کرسکیں۔ انہوں نے وزیراعظم نواز شریف سے مطالبہ کیا کہ وہ ویلیو ایڈڈ اپیرل سیکٹر کو علیحدہ ملاقات کا وقت دیں۔