فتح پر سابق کرکٹرز نے بھی داد و تحسین کے پھول برسا دیئے

  Aamir Sohail And Mohsin Khan

Aamir Sohail And Mohsin Khan

لاہور (جیوڈیسک) انگلینڈ کیخلاف سیریز میں فتح پر سابق کرکٹرز نے بھی داد وتحسین کے پھول برسا دیئے۔

تفصیلات کے مطابق انگلینڈ سے شارجہ ٹیسٹ اور سیریز جیتنے والی قومی ٹیم کی شاندار کارکردگی کو سابق کرکٹرز نے بھی زبردست الفاظ میں سراہا ہے۔

رمیز راجہ نے کہا کہ انگلش ٹیم ترنوالہ نہیں تھی، میزبان نے بہت اچھی کارکردگی دکھائی، ٹیسٹ میچ میں 20 وکٹیں لینا آسان نہیں ہوتا، اسپنرز نے بہترین بولنگ کا مظاہرہ کیا، انھوں نے کہا کہ پاکستان نے عالمی نمبر 2 پوزیشن حاصل کرکے خود کو کرکٹ کی ایک قوت کے طور پر منوایا جسے نظر انداز کرنا آسان نہیں ہوگا۔

شارجہ میں محمد حفیظ کی اننگز فیصلہ کن ثابت ہوئی، دبئی میں وہاب ریاض نے ایسا ہی کردار ادا کرتے ہوئے فتح چھین لی تھی،5 روز تک کھیل چلتا رہا، اس لیے پچ کو ٹیسٹ کرکٹ کے لیے بُرا نہیں کہا جاسکتا۔

عبدالقادر نے کہا کہ انگلینڈ نے توقع سے زیادہ مزاحمت کی، ان کی لمبی بیٹنگ لائن کو زیر کرنا ایک مشکل کام تھا لیکن اسپنرز نے صبر اور پلاننگ سے مشن مکمل کیا، پیسرز کو بھی ناکام نہیں کہا جاسکتا، انھوں نے اہم وکٹیں اڑائیں اور دباؤ برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کیا۔

محسن حسن خان نے کہا کہ قومی ٹیم نے مہمانوں کو ایک زبردست معرکے بعد شکست دی، انگلینڈ کو بھی حیرانی ہوگی کہ ہمارے ساتھ کیا ہوا۔ انھوں نے کہا کہ مصباح الحق ایک بہترین کپتان ہیں انھیں ابھی ریٹائر نہیں ہونا چاہیئے، ان کی موجودگی میں ڈسپلن کا کوئی مسئلہ نہیں ہے بلکہ شاندار کامیابی کے بعد کھلاڑیوں میں زیادہ اعتماد پیدا ہوا۔

عامر سہیل نے کہا کہ ایک بہترین ٹیم کیخلاف فتح خوش آئند ہے، مصباح الحق کی قیادت کا بھی اہم کردار تھا، ان کی پاکستان کو ضرورت ہے۔ ریٹائرمنٹ کا فیصلہ موخر کردینا چاہیئے۔

شعیب محمد نے قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ٹیم نے اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا، پلان اچھا تھا اور اس پر عمل کرنے والوں کی محنت بھی شامل تھی، اسپنرز کی کارکردگی بہت اچھی رہی، یاسر شاہ کا شعیب ملک نے بھی بخوبی ساتھ نبھایا۔