وی آئی پی سیکیورٹی کی آڑ میں عام شہری نماز عید کی ادائیگی سے محروم نہ رہیں، وزیرداخلہ

Chaudhary Nisar

Chaudhary Nisar

اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے وفاقی دارالحکومت کی انتظامیہ کو ہدایت دی ہے کہ وی آئی پی سیکیورٹی کی آڑ میں عام شہری نماز عید کی ادائیگی سے محروم نہ رہیں۔

وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے چیف کمشنر اسلام آباد کو ہدایت دی ہے کہ عید الاضحیٰ کے موقع پر وی آئی پی افراد اور سیکیورٹی انتظامات کی آڑ میں عام شہریوں کو نماز عید کی ادائیگی کو یقینی بنانے کے انتظامات کئے جائیں تاکہ کوئی بھی شہری نماز کی ادائیگی سے محروم نہ رہے۔

وزیر داخلہ نے عید الاضحیٰ کے موقع پر کسی بھی نا خوشگوار واقعہ سے نمٹنے کے لئے پولیس کو بھی فول پروف انتظامات کرنے کے احکامات جاری کئے ہیں۔ صبح 5 سے 10 بجے تک اسلام آباد میں ہائی الرٹ ہوگا اور آئی جی سے لے کر پولیس اہلکار تک کسی کو بھی چھٹی کی اجازت نہیں ہو گی۔

واضح رہے کہ رواں برس عید الفطر کے موقع پر فیصل مسجد میں صدر ممنون حسین کی آمد کے موقع پر نماز مقررہ وقت سے بھی پہلے ہی ادا کر دی گئی تھی جس کے باعث سیکڑوں افراد نماز عید کی ادائیگی سے محروم ہو گئے تھے۔