ویرات کوہلی نے سچن ٹنڈولکر کا ریکارڈ توڑ دیا

Virat Kohli

Virat Kohli

کینبرا (جیوڈیسک) بھارتی ٹیم کے بلے باز ویرات کوہلی نے آسٹریلیا کے خلاف چوتھے ون ڈے میں شاندار سنچری بنا کر ایک اور منفرد ریکارڈ اپنے نام کر لیا ہے۔ وہ ون ڈے کرکٹ کی تاریخ میں تیز ترین 25 سنچریاں بنانے والے بلے باز بن گئے ہیں۔

کوہلی نے ہم وطن بلے باز سچن ٹنڈولکر کی تیز ترین 25 سنچریوں کا ریکارڈ توڑ ڈالا ہے۔ ٹنڈولکر نے 234 اننگز میں یہ کارنامہ انجام دیا تھا جبکہ کوہلی نے 162 اننگز میں یہ سنگ میل عبور کیا۔

اس کے علاوہ انہوں نے سنگاکارا کی زیادہ سنچریوں کا ریکارڈ بھی برابر کر دیا اور زیادہ سنچریاں بنانے والے بلے بازوں کی فہرست میں بھارت کے دوسرے اور مشترکہ طور پر چوتھے بلے باز بن گئے ہیں۔

ایک روزہ میچز میں زیادہ سنچریاں بنانے کا اعزاز سچن ٹنڈولکر کو حاصل ہے۔ انہوں نے 49 سنچریاں بنا رکھی ہیں۔ رکی پونٹنگ 30 سنچریاں بنا کر دوسرے جبکہ سنتھ جے سوریا 28 سنچریوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔