پانی کے بحران سے نکلنے کیلئے فوری اقدامات کئے جائیں، مفتی محمدنعیم

Water Crisis

Water Crisis

کراچی : جامعہ بنوریہ عالمیہ کے رئیس وشیخ الحدیث مفتی محمدنعیم نے کہاکہ پانی کے بحران کے باعث شہر قائد کی عوام سراپا احتجاج ہے کوئی سنوائی نہیں کی جارہی ہے ، پہلے ہی دہشت گردی کے باعث عوام مشکلات سے دوچارہے۔

اوپر سے پانی کے بحران کی وجہ سے سڑکوں پر آنے پر مجبور ہے، بارشوں کا نہ ہونا اللہ تعالیٰ کی طرف سے امتحان اور بداعمالیوں کا نتیجہ ہے ، ائمہ مساجد اپنے اپنے محلوں میں نماز استسقاء کا اہتمام کریں۔ جمعرات جامعہ بنوریہ عالمیہ سے جاری بیان میں مفتی محمد نعیم نے کہاکہ ملک میں بڑھتی ہوئی بے روزگاری ،مہنگائی ، لوڈشیڈنگ، دہشت گردی ودیگر مشکلات نے عوام کی زندگیاں اجیرن کردی ہیں، حکومت کی جانب سے بحرانوں سے نمٹنے کیلئے کوئی اقدام نہیںکیے جارہے ہیں جس کے باعث عوام میں مایوسی پھیل رہی ہے۔

انہوں نے کہاکہ گرمی کی شدت کے ماری عوام کو پانی وبجلی سے محروم کردیا گیا ،جبکہ ہائیڈنٹ مافیا شہر میں مہنگے داموں پانی کی فروخت میں مصروف ہے ،ایسا لگتا ہے جیسے شہر کا سارا پانی ہائیڈنٹ مافیا کے سپرد کردییا گیا ہو،اوپر سے بارشیں بھی نہیں ہورہی ہیں اس لئے حکومت پانی کے بحران سے نکلنے کیلئے فوری اقدامات کرے ، خوشک سالی اور بارشوں کا نہ ہونا بداعمالیوں کا نتیجہ ہے عوام رج الی اللہ کی طرف توجہ دے اور ائمہ مساجد اپنے اپنے محلوں میں نماز استسقاء کا اہتمام کریں۔