وین رونی نے انٹرنیشنل فٹبال کو خیر باد کہہ دیا

Wayne Roni

Wayne Roni

لندن (جیوڈیسک) برطانوی فٹبال ٹیم کے سابق کپتان وین رونی کا انٹرنیشنل فٹبال سے جی بھر گیا۔ 31 سالہ انگلش سٹرائیکر نے بین الاقوامی فٹبال کو خیرباد کہہ دیا۔ وین رونی نے 2003ء میں صرف 17 برس کی عمر میں پہلا انٹرنیشنل میچ کھیلا تھا۔

سابق کپتان انگلینڈ کے سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی ہیں۔ انہوں نے اپنے 14 سالہ کیرئیر میں 119 انٹرنیشنل میچز کھیل کر 53 گول کئے۔ وین رونی کو انگلش پریمیئر لیگ میں 200 گول کرنے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔ سابق انگلش سٹرائیکر ان دنوں ایورٹن کلب کی نمائندگی کر رہے ہیں۔

غیر ملکی میڈیا کو اپنے اس اہم فیصلے سے متعلق بتاتے ہوئے وین رونی کا کہنا تھا کہ انٹرنیشنل فٹبال سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ میرے لیے بہت مشکل تھا، اس لیے میں نے کوئی بھی قدم اٹھانے سے پہلے اپنے خاندان، دوستوں اور ایورٹن کے مینجر سے مشورہ کرنا مناسب سمجھا۔

وین رونی کا کہنا تھا کہ اپنے ملک برطانیہ کی نمائندگی کرنا ان کیلئے ہمیشہ سے ایک خواب تھا۔ جب بھی میں برطانوی ٹیم کیلئے منتخب ہوا یا جب بھی مجھے کپتانی کیلئے چُنا گیا، میں نے اسے ہمیشہ اپنے لیے ایک اعزاز سمجھا۔ انہوں نے اپنے کیریئر کے دوران مدد کو آنے والے تمام افراد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اب بین الاقوامی کھیل کو خیر باد کہنے کا وقت آ گیا ہے۔

مانچسٹر یونائیٹڈ کو چھوڑنے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وین رونی نے بتایا کہ سابق کلب کو چھوڑنا بھی ایک مشکل فیصلہ تھا تاہم میں سمجھتا ہوں کہ ایورٹن میں شمولیت درست تھی۔ اب میری کوشش ہو گی کہ میں اپنی تمام توانائیاں اپنی ٹیم کی جیت کیلئے صرف کر دوں۔