وزیرآباد کی خبریں 18/10/2016

Imam Hussain Confarance

Imam Hussain Confarance

وزیرآباد (عقیل احمد خان لودھی) انجمن محبان رسول ویروکی کے زیر اہتمام پیغام حسین وفاروق اعظم رضی اللہ عنہم کے عنوان سے سالانہ کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔کانفرنس کے شرکاء سے خصوصی خطاب کرتے ہوئیعلامہ اجمل رضا قادری رضوی نے کہا کہ اللہ کی زمین پر اللہ کے نظام کے نفاذ کیلئے جو قربانی حضرت امام حسین اور ان کے جانثار ساتھیوں نے دی وہ رہتی دنیا تک ایک مثال ہے۔ حضرت امام حسین سے محبت کا تقاضا یہ ہے کہ ہم بدکردار اور ظالم کا ساتھ نہ دیں، فحاشی کے خاتمہ کیلئے کام کریں۔ انہوں نے کہا کہ باطل کے سامنے آپ کے ڈٹ جانے سے ہمیں یہ درس ملتا ہے کہ ہم جھوٹ اور فریب کی بنیاد پربننے والے نظام کا حصہ نہ بنیں اور اپنے لئے نیک افراد کا چنائو کریں۔آپ نے انسانیت کی پاسداری کی، انسانیت کو وہ مقام عطا کیا جو عزت والا تھا آپ نے انسانوں کو جینے کا ڈھنگ سکھایا اور ظالم و جابر حکمرانوں کی آنکھ میں آنکھیں ڈال کر بات کرنے کا حوصلہ بخشا۔ شہادت حسین کا اصل پیغام یہ ہے کہ امت مسلمہ میں وحدت، یگانگت اور یکجہتی کا تصور پیدا ہو، امت مسلمہ کو تباہی کے گڑھے میں گرنے سے بچانے کیلئے اتحاد، امن، رواداری کو اپنانا ہو گا۔ فرقہ ورایت، فسادات سے بچنا ہو گا، غریبوں کو ان کے حقوق دینے ہونگے قانون ہرچھوٹے بڑے کیلئے یکساں ہونا چاہیے۔ رنگ و نسل ذات پات کی کوئی تفریق نہ ہوکرپشن کا خاتمہ کیا جائے۔صحابہ کرام آپس میں بھائی چارے کیساتھ رہتے تھے اسلام دشمنوں نے تاریخ کو مروڑ توڑ کر غلط رنگ میں پیش کیا ہے۔بدقسمتی سے ہم رسموں کے قائل ہوچکے ہیں۔ہم انتخابات میں بھی بدکرداروں کی حمایت کرتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ صحابہ کرام کی زندگیاں ہمارے لئے مشعل راہ ہیں۔حضرت عمر فاروق نے اپنے دور خلافت میں پہلی اسلامی فلاحی ریاست کی تشکیل و تکمیل کی حالانکہ ان کے دور میں ریاست وسیع و عریض ہوچکی تھی مگر آپ نے گڈ گورننس کے ذریعے ہر لحاظ سے ایک مثالی ریاست قائم کی۔ دنیا کے مختلف حکمرانوں نے حضرت عمرکے ماڈل پر عمل کرکے اپنے ملکوں کو کامیاب ویلفیئر سٹیٹ بنایا۔ صحابہ کرام کی زندگیاں ہمارے لئے نمونہ ہیں وقت کا تقاضا ہے کہ ہم آپ کی پیروی کریں اور اپنی دنیا وآخرت سنوارنے کا باعث بنیں۔ اس موقعہ پر علامہ محمدالیاس رضا قادری،ذکاء اللہ،حسن ریاض، حافظ عزیر،شفقت محمود اور دیگر نے بھی خطاب کیا اور نبی پاک ۖ کی شان میں ہدیہ عقیدت پیش کیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

وزیرآباد (عقیل احمد خان لودھی) دانتوں کی حفاظت صحت مند جسم کیلئے انتہائی اہمیت رکھتی ہے۔ دانتوں کی تکالیف کا بروقت علاج کرواکے بہت سی دیگر بیماریوں سے بچا جاسکتا ہے۔امیدواربرائے چیئرمین بلدیہ وزیرآباد طارق محمود گوندل نے یہ بات سرکلر روڈ وزیرآباد پر بنائے جانے والے نئے ڈینٹل کلینک کے افتتاح کے موقعہ پر کیا۔ انہوں نے کہا کہ صحت اللہ تعالی کی بہت بڑی نعمت ہے آج کا انسان صحت کے معاملہ میں پہلے سے زیادہ باشعور ہے اگرچہ دور حاضر میں انسان منہ اور دانتوں کی بیماریوں کے علاج کیلئے آگہی اور شعور رکھتا ہے مگر اس کے باوجود یہ بیماریاں بڑھتی جارہی ہیں ۔ دانتوں کی بیماریوں کے بروقت علاج کیلئے گھریلو ٹوٹکوں پر ہی انحصار کی بجائے ڈینٹسٹ سے رجوع کرنا لازمی ہوچکا ہے۔انہوں نے کہا کہ آج سے کام شروع کرنے والا بسم اللہ ڈینٹل کلینک یقینا اہل علاقہ کی دانتوں کی بیماریوں کے علاج کیلئے اپنا بہترین کردار ادا کرے گا۔ڈینٹسٹ بلال شیخ نے کہا کہ ہمارے منہ میں تقریبا 500وائرسز اور بیکٹریا پائے جاتے ہیں جو مختلف بیماریاں پیدا کرنے کا باعث بنتے ہیں۔دانت اللہ تعالی کی بڑی نعمتوں میں شامل ہیں ان کی حفاظت سے دیگر بیماریوں پر قابو پایا جاسکتاہے۔اس موقعہ پر مرزا ظہیر انجم بیگ ایڈووکیٹ، ارسلان بلوچ، حاجی محمد عارف کونسلرز، مختار شاہین ،مدثر مشتاق، عقیل احمد خان لودھی، شکیل احمد اعوان اور دیگر بھی موجود تھے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

وزیرآباد (عقیل احمد خان لودھی) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے رہنما چوہدری افتخار مسعود بٹر نے کہا ہے کہ حکومت کھوکھلے نعروںکی بجائے عملی اقدامات پر یقین رکھتی ہے۔ عوام گزشتہ سالوں کی نسبت ریلیف محسوس کررہے ہیں۔کسی بھی ملک کی پائیدار ترقی کیلئے بنیادی ڈھانچے کا مضبوط ہونا ضروری ہے ۔ یہی وجہ ہے کہ لوگوں کے شعور میں اضافہ کیلئے تعلیم جیسے شعبہ پر ریکارڈ سرمایہ کاری کی جارہی ہے تا کہ آنے والی نسلیں غیروں کی محتاج ہونے کی بجائے ٹیکنالوجی اور سائنس جیسے میدان میں خود کفیل ہوں۔ ترقیاتی حوالوں سے جاری منصوبہ جات مستقبل کے روشن پاکستان کی ضمانت ہیں۔ انشاء اللہ آئندہ وقت میں لوڈ شیڈنگ جیسے دیرینہ مسئلہ کا ہمیشہ کیلئے خاتمہ ہوجائے گا۔انہوں نے کہا پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مخالفین کو ملکی ترقی برداشت نہیں ہورہی یہی وجہ ہے کہ وہ منفی ہتھکنڈے استعمال کرنے کی دھمکیاں دیتے ہیں۔ عوام ان کے جھانسے میں نہیں آئیں گے۔ ان کے دھرنے ان کی سیاسی موت ثابت ہوں گے۔