وزیرآباد: سہولتوں کی فراہمی کے وعدوں کے باوجود اقتدار میں آنے کے بعد مقامی قیادت نے منہ پھیر لیا

Wazirabad

Wazirabad

وزیرآباد (تحصیل رپورٹر) نواحی علاقہ ویروکی کو جمہوری دور راس نہ آیا، بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے وعدوں کے باوجود اقتدار میں آنے کے بعد مقامی سیاسی قیادت نے منہ پھیرلیا۔ وزیرآباد شہر سے تقریبا چار کلومیٹر فاصلہ پرجی ٹی روڈ کے قریب واقع گائوں ویروکی میں بنیادی عوامی سہولیات نہ ہونے کے برابر ہیں گائوں سے ایک فرلانگ کے فاصلہ پر گزرنے والی سوئی گیس کی پائپ لائن سے آج تک گائوں کیلئے سوئی گیس کا بندوبست نہیں ہوسکا جبکہ پائپ لائن سے دورکے دیہاتوں مردیکے (منظور آباد) بھروکے اور دھونکل جیسے دیہاتوں میں گزشتہ 10 سال سے سوئی گیس کی سہولت دی جاچکی ہے۔

حلقہ کے ایم پی اے شوکت منظور چیمہ کا تعلق بھی منظور آباد گائوں سے ہے جن کے اپنے گائوں کی سڑک کئی مرتبہ بنوائی جاچکی ہے جبکہ ویروکی کو جانے والی واحد پختہ سڑک مشرف دور میں بنوائی گئی جو مناسب توجہ نہ ہونے اور بااثر افراد کی طرف سے گزاری جانے والی ہیوی ٹرانسپورٹ مٹی سے لدی ٹریکٹر ٹرالیوں اور ٹرکوں کی وجہ سے ٹوٹ پھوٹ چکی ہے کی دوبارہ تعمیر ومرمت کی کسی کو توفیق نہیں ہوسکی۔

گائوں کے ذیلی ڈاکخانہ کا نظام بھی خراب کردیا گیا ہے۔ اہل علاقہ کا کہنا ہے مقامی سیاسی قیادت ہر انتخاب میں دیگر وعدوں کے علاوہ سوئی گیس کی فراہمی کے وعدے پر ووٹ بٹورتی رہی ہے مگر بعد میں کسی کو خیال نہیں آتا چند روز پہلے سڑک کی تعمیر ومرمت کیلئے متعلقہ حکام کی طرف سے انداز یہ اپنایا گیا کہ گائوں کے چوہدریوں اور من پسند افراد کو خوش کرنے کیلئے ان کے گھروں کے سامنے سے سڑک کے چند فٹ ٹکرے سرکاری گرانٹ سے پختہ کردیئے گئے ہیں۔

دوسری جانب ٹوٹی ہوئی سڑکوں اور گلیوں کی خستہ حالی کی وجہ سے علاقہ مکینوں کو شدید دشواری کا سامنا ہے ۔ علاقہ مکینوںنے صورتحال پر احتجاج کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب اور دیگر حکام بالا سے من پسند افراد کو نوازنے خوش کرنے اور عام افراد کو بے یارومدد گار چھوڑنے کی پالیسیوں کا نوٹس لینے اور علاقہ کی سڑک کی تعمیر ومرمت ،گلیوں کی پختگی کیساتھ سوئی گیس ، ڈاک خانہ کی بحالی اور دیگر بنیادی سہولتوں کی بلا امتیاز فراہمی کا مطالبہ کیا ہے۔