وزیرآباد کی خبریں 6/7/2015

Wazirabad

Wazirabad

وزیرآباد (نامہ نگار) ون ویلروں نے قانون کی دھجیاں اڑانا معمول بنا لیا۔ عام شہریوں کو جرمانے کرنے والی موٹر وے پولیس بھی بے بس دکھائی دینے لگی۔ روزانہ نماز مغرب کے بعد شہر اور مضافات سے ون ویلروں کی ٹولیاں نکلتی ہیں جوسارے رستے جی ٹی روڈ پر مختلف کرتب دکھاتے آتے ہیں۔ ون ویلروں کی وجہ سے قانون کی پاسداری کرنے والے شہریوں کو شدید تکالیف اور اکثر حادثات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ ون ویلر راہ جاتے افراد کو سائیڈکرواتے اور گرا کرچلے جاتے ہیں۔ون ویلروں کا ایک دوسرے کیساتھ موبائل پر رابطہ ہوتا ہے اور شہر کے مختلف علاقوں سے اکٹھے ہونے والے ون ویلروں کا مین پوائنٹ پیرس سی این جی ہے جہاں ون ویلر اکٹھے ہوتے اور مختلف پروگرام تشکیل دیتے ہیں مولانا ظفر علی خاں بائی پاس چوک کے قریب واقع اس سی این جی سے ایک کے بعد دوسرا ون ویلر کرتب دکھانے جی ٹی روڈ پر نکلتا ہے ون ویلرز کے کرتبوں کی وجہ سے ٹریفک کا نظام بری طرح متاثر ہوتا ہے۔ ون ویلروں کے زیادہ تر موٹر سائیکل بغیر نمبر پلیٹ ہوتے ہیں ۔ بگڑے ہوئے رئیس زادے ون ویلروں کو نا تو پنجاب پولیس ہاتھ ڈالتی ہے اور نہ ہی وارڈن اور عام شہریوں کو جرمانوں کی بھرمار کرنے والے موٹر وے پولیس کے اہلکار پوچھتے ہیں۔ عوامی، سماجی حلقوں نے قانون شکن ون ویلروں کیساتھ آہنی ہاتھوں نمٹنے کا مطالبہ کیا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

وزیرآباد (نامہ نگار) اکیسویں صدی اور جدید ٹیکنالوجی کادور بھی کولار فیڈر کی صورتحال بہتر نہ بنا سکا، گیپکو سب ڈویژن نمبر2 کا کولار فیڈر معمولی ہوا کے چلتے ہی کام کرنا چھوڑ دیتا ہے گزشتہ25سال سے کولار فیڈر کے ہزاروں صارفین بجلی موسم کے بدلنے ہوا کے چلنے کیساتھ ہی کئی گھنٹوں تک بجلی سے محروم کردیئے جاتے ہیں جبکہ حالیہ چند ماہ میں صورتحال انتہائی گھمبیر ہوچکی ہے۔ متاثرہ صارفین نے بتایا کہ کولار فیڈر پر ویروکی، جنڈیالہ، کوٹ حضری سمیت متعدد دیہاتوں کے ہزاروں گھریلو صارفین کے علاوہ زرعی ،کمرشل ، صنعتی اور دیگر کنکشن پر صارفین بجلی استعمال کرتے ہیں ۔ہوا ابھی اسلام آباد چلتی ہے کولار فیڈر کی بجلی پہلے بند ہوجاتی ہے جو آنے کا نام نہیں لیتی بجلی کی طویل بندش کی وجہ سے مختلف علاقوں میں نظام زندگی درہم برہم ہو کررہ جاتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ رات بھی معمولی ہوا کے چلنے کے بعدرات پونے2بجے کے قریب فیڈر ٹرپ ہوا اور صارفین سحری کے اوقات میں بجلی سے محروم ہوگئے اور8گھنٹے کے طویل صبر کے بعد دن ساڑھے دس بجے کے قریب بجلی بحال کی گئی۔ صارفین نے شکایت کی کہ سب ڈویژن نمبر2 ،کولار فیڈر کا موجودہ عملہ کام میں توجہ نہیں دیتا۔ لائنوں کی بروقت مرمت اور درختوں کی کٹائی نہ ہونے کی وجہ سے معاملہ اور بھی خراب ہوچکا ہے۔ کولار فیڈر کے صارفین نے چیف ایگزیکٹو گیپکو گوجرانوالہ، چیئرمین واپڈا سے صورتحال بہتر بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

وزیرآباد(نامہ نگار) کھیلوں کے فروغ سے نوجوانوں میں تعمیری سرگرمیوں کو فروغ ملتا ہے۔ کھیل انسان کو مختلف قسم کی معاشرتی برائیوں سے دوررکھتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار یونین کونسل نمبر10 بھروکی چیمہ کے سابق کونسلر ملک محمد یٰسین نے نواحی علاقہ ویروکی میں فلڈ لائٹ کرکٹ ٹورنا منٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ سپورٹس سرگرمیوں سے دور رہنے کا نتیجہ یہ نکلتا ہے کہ نوجوانوں میں سستی کاہلی پیدا ہوتی ہے اور یہ صورت آہستہ آہستہ اخلاقی بگاڑ کی شکل اختیار کرلیتی ہے باقاعدگی سے کھیلوں میں مصروف رہنے والے نوجوان صحتمند اور توانا رہتے ہیں جس کے اثرات ڈھلتی عمر تک رہتے ہیں۔ انہوں نے کرکٹ ٹورنا منٹ کا انعقاد کروانے والے نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے اپنی طرف سے15ہزار روپے سپورٹس فنڈز کے لئے دیئے جس پر ٹورنا منٹ انتظامیہ نے ان کا شکریہ ادا کیا۔