وزیرآباد کی خبریں 21/10/2015

Wazirabad

Wazirabad

وزیرآباد (عدیل احمد خان لودھی سے) کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن شمائل احمد خواجہ اور ڈائریکٹر ہیلتھ نے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال کا اچانک دورہ کیا، زیر تعمیر عمارت میں ناقص مٹیریل کے استعمال اور ہسپتال کے مین دروازے پر کھلے گندے نالے کی وجہ سے برہمی کا اظہار کیا۔ کمشنر گوجرانوالہ شمائل احمد خواجہ نے شام کے بعدتحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال کا اچانک دورہ کیا جس پرانتظامیہ فوری حرکت میں آگئی ۔کمشنر نے ہسپتال کے مرکزی گیٹ کے سامنے کھلے گندے نالے کا نوٹس لیکراے سی وزیرآباد کو ایک روز کے اندر اندر صفائی کر کے رپورٹ کرنے کا حکم دیا جبکہ ہسپتال میں لگے واٹر فلٹر پلانٹ کو چیک کر کے اسکا فلٹر فوری تبدیل کرنے کو کہا ۔زیر تعمیر ٹراما سنٹر اور آئوٹ ڈور وارڈ میں استعمال ہونے والے میٹریل کو چیک کیا اور معیاری اینٹوں کے استعمال کا حکم دیا ۔انہوں نے ایمر جنسی سمیت ہسپتال کے تمام وارڈوں کا تفصیلی معائنہ کیا اور ہسپتال میں داخل مریضوں سے ادویات کی فراہمی اور دیگر سہولیات بارے دریافت کیا ۔کمشنر نے ہسپتال کے امور کو تسلی بخش قرار دیتے ہوئے ایم ایس سول ہسپتال ڈاکٹر الطاف چوہدری کی کارکردگی کو سراہا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔

وزیرآباد(نامہ نگار)انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی اسلام آباد کے زیر اہتمام (iiui)سکول کیمپس وزیرآبادمیں اساتذہ کی تربیت و مہارت کو اکیسویں صدی کے جدید تقاضوں کے مطابق بنانے کیلئے تین روزہ ٹیچنگ ٹریننگ کورس کے ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا جس میں گوجرانوالہ ڈی سی روڈ ‘گوجرانوالہ کینٹ ‘ڈسکہ ‘سمبڑیال اورسیالکوٹ سکولز کے کیمپس کی اساتذہ کو ٹریننگ دی گئی ۔اساتذہ کو ٹریننگ دینے کیلئے ڈاکٹر سعید الحسن چشتی پروجیکٹ ڈائریکٹر(iiuiسکولز)مسٹر کاشف سہیل کنسلٹنٹ ماسٹر ٹرینرiiuiسکولز خصوصی طور پر اسلام آباد سے تشریف لائے ۔اس موقع پر ڈاکٹر سعید الحسن چشتی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی اور سکول کیمپس کا مقصد پاکستان میں طلباء و طالبات کی ایسی تربیت کرنا ہے جو کہ جدید تعلیم کے ساتھ ساتھ مذہبی تعلیم حاصل کریں تا کہ جب وہ عملی زندگی میں آئیں تو ایک اچھے مسلمان کی حیثیت سے معاشرے میں اپنا کردار ادا کر سکیں ۔انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی اسلام آباد کے پروجیکٹ نے قلیل عرصے میںملک بھرمیں اعلیٰ شہرت حاصل کرلی ہے ۔ سکولز کیمپس کے اساتذہ کو جدید ٹریننگ دینے کا مقصد یہی ہے کہ اساتذہ اپنی ذمہ داریوں کو بخوبی سمجھ کر بچوں کی تعلیم وتربیت میں بھرپور کردار ادا کر سکیں۔انہوں نے کہا کہ پرائیویٹ سیکٹرمیںتعلیمی ادارے ملک میں فروغ تعلیم کیلئے اہم کردار ادا کر رہے ہیں جبکہ حکومت ان اداروں کی حوصلہ افزائی کرنے کے بجائے آئے روز مختلف پابندیاںاور ٹیکس لگا کرمالکان کی مشکلات میں اضافہ کررہی ہے ۔اس موقع پر (iiuiکیمپس)وزیرآبادکے ڈائریکٹر کرنل ریٹائرڈ ساجد ابرارباگڑی ‘پرنسپل مسز سبین شیخ ایڈمن آفیسرمہر عبدالقیوم نے کہا کہ وزیرآباد میں جدید تعلیم کے ساتھ ساتھ مذہبی تعلیم سے بچوں کو روشناس کروانے کیلئے ہم نے اس پروجیکٹ کو یہاں متعارف کروایا ہے ۔وزیرآباد کیمپس نے قلیل مدت میں جو مقام اور ترقی حاصل کی ہے وہ کسی دوسرے نجی تعلیمی ادارے کے حصے میں کم ہی آتی ہے ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔

وزیرآباد (نامہ نگار)وزیرآبادکے مین بازار میں میونسپلٹی کی ہزاروں مربع فٹ زمین پر تجاوز کنندگان کا قبضہ ۔گوشت، سبزی، مچھلی، فروٹ، کپڑے، منیاری،اور کراکری کی دوکانیں فٹ پاتھ اور بازار کے بیچو ں بیچ سج گئیں۔ناجا ئز تجاوز کنندگان میں افغانستان کے باشندے بھی شامل ہیں۔نا تجربہ کار دوکانداروں ، ریڑھی بانوں اور چھابڑی والوں نے شہریوں کا جینا حرام کر دیا۔بغیر پرمٹ اور بلا لائسنس کے کاروبار شروع کرنا عام ہے۔چند درجن ناجائز تجاوز کنندگان کو بچانے کے لئے خواتین اور بچوں سمیت ہزاروں شہریوں کو عذاب میں مبتلاء کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق وزیرآباد کے کاروباری مراکز مین بازار،بکر گلہ، موتی بازار، برتن بازار ، مثمن بازار اور اس سے ملحقہ شارع عام پر ریڑھیوں ، چھابڑی فروشوں اور دوکانداروںنے قبضہ کر رکھا ہے۔بعض دوکانداروں نے روزانہ بھتّہ کی بنیاد پر ریڑھیاں اور چھابڑیا ں لگوارکھی ہیں۔ دوکانداروں نے خود بھی رفتہ رفتہ اپنی دکانوں سے نکل کرسڑکوں پر ہی اپنی دوکانیں سجا لی ہیں اور اپنی دوکان سے زیادہ میونسپلٹی کے رقبہ پر قبضہ کر رکھا ہے۔ فٹ پاتھ تو غائب ہو چکے ہیں البتہ ناجائز تجا وزات سے بچی کھچی کچھ جگہ پر سڑک کے نشانات نظرآ تے ہیں۔دوکانداروں کی جانب سے خریداروں کو لبھانے کے لیے فٹ پاتھ اور سڑک پر نت نئے انداز سے مختلف اشیاء اور کپڑوں کی نمائش جاری ہے۔ اور پیدل چلنے والوں کے لیے دن بدن سڑک سکڑرہی ہے۔ یہاں خریداری کے لیے آنے والوںکو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتاہے لیکن ان کی دادرسی کو کوئی موجود نہیںجبکہ دوکانداروں نے انتظامیہ کی عدم توجہی یا آشیرباد کے باعث سڑک پر اپنا قبضہ جمایا ہوا ہے ۔نوبت یہاں تک پہنچ چکی ہے کہ سڑک پر چائے کے کھوکھے اور لا تعدادچھوٹی چھوٹی دوکانیں بھی وجود میں آچکی ہے ۔جبکہ ذرائع کے مطابق ان دوکانوں کا مبینہ ماہانہ کرایہ دوکاندار اور ٹی ایم اے کا عملہ بھی وصول کرتا ہے ۔ٹی ایم اے وزیرآباد سے رابطہ کرنے پر بتایا کہ تجاوزات کے خلاف مہم شروع کر دی ہے ایک دو دن میں مین بازار سے تجاوزات ختم کر دی جائینگی۔