وزیرآباد کی خبریں 19/5/2015

Wazirabad

Wazirabad

وزیرآباد (تحصیل رپورٹر) نجمن محبان رسول ۖ کے زیر اہتمام نواحی علاقہ ویروکی میں سیرت نبیۖ سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقعہ پر مہمان خصوصی پیر اجمل رضا قادری رضوی نے کہا کہ نبی آخر الزماں حضرت محمد ۖ اﷲ کے محبوب ہیں آپ ۖ نے انسانیت کو اس کی معراج عطاء کردی۔ آپ پر اتاری گئی اﷲ کی آخری کتاب قرآن مجید میں رہنمائی کے تمام اصول بیان کردیئے گئے ہیں۔ بحثیت مسلمان ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ اﷲ تعالیٰ کے احکامات کی پیروی میں نبی پاک ۖ کے بتائے ہوئے طریقوں کیمطابق اپنی زندگیاں گزاریں اوردنیا وآخرت میں کامیابی کے مستحق بنیں۔ اجمل رضا قادری نے کہا کہ نبی پاک ۖۖ سے اﷲ کی خصوصی محبت کا ثبوت ہے کہ آپ ۖ کو سدرة المنتہٰی سے آگے لیجا کر اﷲ نے ملاقات کا شرف بخشا ۔واقعہ معراج میں اﷲ نے نماز کا تحفہ اپنے محبوب کو دیا،اﷲ کی بندگی میں سکون ہے نمازوں کی پابندی کرنے اور حرام رزق سے بچنے والے پرسکون زندگیاں گزارتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دین اسلام انسانیت کے احترام کا درس دیتا ہے اسلامی تعلیمات سے دوری کے نتیجہ میں امن وامان کے مسائل پیدا ہورہے ہیں۔۔ہمیں حرام رزق سے بچ کر دین اسلام کے مطابق اپنی زندگیاں گزارنی ہوں گی اسی میں فلاح کا راز مضمر ہے۔ اس موقعہ پر قاری محمد سعید ارشد،قاری محمد الیاس قادری،محمد عطاء الرحمن عطاری اور دیگر نے بھی خطاب کیا اور معراج شریف کے پیغام پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ واقعہ معراج ہمیں یہ پیغام دیتا ہے کہ انسانیت کی فلاح وکامرانی اور ” تسخیرکائنات ” کا راز پیغمبر اسلام ۖکی غلامی اور آپۖ کی اطاعت میں پوشیدہ ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

وزیرآباد(تحصیل رپورٹر)پولیس ملزمان کیساتھ مل گئی ہے مقتول نبیل اختر کے ورثاء کی دہائی۔تھانہ سوہدرہ میں درج مقدمہ قتل کے ملزمان کیساتھ پولیس کی مبینہ آشیرباد کیخلاف مقتول کے ورثاء نے احتجاجی پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ چند روز قبل 28سالہ نوجوان نبیل اختر کو قتل کردیا گیا جس کا مقدمہ تو پولیس تھانہ سوہدرہ نے درج کرلیا مگر آج تک ملزمان کیخلاف کاروائی عمل میں نہیں لائی گئی پولیس تھانہ سوہدرہ نے ملزمان کو دو روز تھانہ کا مہمان بنانے کے بعد فارغ کردیا ۔ مقتول کی بوڑھی والدہ ارشاد بی بی نے کہا کہ تھانہ میں درج مقدمہ کے ملزمان علی مرتضیٰ، کاشف مسیح، افتخار احمد، مرتضیٰ چیمہ سرعام دھندناتے پھرتے ہیں اور تمسخر اڑاتے ہیں کہ مقدمہ درج کرواکے ان کا کیا بگاڑ لیا گیا ہے۔ ارشاد بی بی نے بتایا کہ پولیس اور دیگر ادارے بااثر ملزمان کیساتھ ملے ہوئے ہیں ۔ملزمان کی جانب سے مبینہ طور پر ان کے گھر میں کفن بھی بھجوائے گئے اورساتھ دھمکی دی گئی ہے کہ مقدمہ واپس نہ لینے پر باقی بیٹوں کا بھی انجام برا ہوگا۔ مقتول کی بیوہ نے اپنے دو کم سن بچوں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ان کیساتھ سخت زیادتی ناانصافی کی جارہی ہے مقامی پولیس مدد کرنے کی بجائے ملزمان کو تحفظ فراہم کررہی ہے ملزمان کو مقدمہ قتل میں بے گناہ کرنے کیلئے باقاعدہ مشوروں سے نوازا جاتا ہے۔ متاثرہ خاندان نے وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے مطالبہ کیا ہے کہ مقدمہ کی صحیح بنیاد پر تفتیش کرکے ملزمان کو قرار واقعی سزائیں دلوائی جائیں۔