وزیرآباد کی خبریں 13/10/2016

Wazirabad

Wazirabad

وزیرآباد (نامہ نگار) ملک بھر کی طرح وزیرآباد میں سخت سکیورٹی انتظامات میں یومِ عاشور روایتی عقیدت سے منایا گیا شہر کا سب سے بڑا علم اور تعزیے کا جلوس اما م بارگاہ قصر سکینہ مہاجرین سے برآمد ہوا جو اپنے روایتی رستوں سے ہوتا ہوا مین بازار میں پہنچا جہاں مین بازار، لاہوری دروازہ میں مودی خانہ قاضیاں ، امام بارگاہ شاہ صدق اور دیگر امام بارگاہوں سے آنے والے ذوالجناح اور تعزیے کے جلوس اکٹھے ہو کر بڑے جلوس کی صورت اختیار کرگئے جلوسوں میں شامل عزداران حسین نے نوحہ خوانی،سینہ کوبی اور زنجیر زنی کرتے رہے۔ علماء کرام نے واقعہ کربلا کے شہدا ء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کی دین اسلام کیلئے لازوال قربانیوں پر روشنی ڈالی۔اس بارجلوسوںکے رستوں پر پہلے سے زیادہ موثر اقدامات کیے گئے تھے۔ ڈی ایس پی رانا شبیر خان کی نگرانی میں پولیس اہلکاروںاور سینکڑوں رضا کاروں نے سیکیورٹی کے فرائض سرانجام دیئے۔ ایس پی صدر گوجرانوالہ کامران ممتازنے میڈیا کے نمائندوں کو بتایا کہ عاشور کے حوالے سے سخت تیاری کی گئی تھی امن کمیٹیوں کے ممبران اور عوام الناس کے تعاون سے حالات مکمل طور پر پر امن رہے۔ضلعی انتظامیہ نے یوم عاشورکے موقعہ پرشہر کے مصروف ترین بازار وںلاہوری گیٹ، برتن بازار،مین بازار، محلہ شیرو سمیت جلوسوں کے داخلی خارجی راستوں کو قناتیں اور خاردار تاریں لگا کر سیل کردیا تھا جبکہ جلوسوںکی نگرانی کے لیے مختلف مقامات پر کلوز سرکٹ کیمرے نصب کیے گئے تھے اسسٹنٹ کمشنر وزیرآباد رائومحمد انور بریار، ٹی ایم او قیصر امین وڑائچ،ٹی او آر جہانگیر بٹ،تحصیلدار غلام مصطفی انصاری نے عملہ کے ہمراہ روٹس کی نگرانی کی ۔جلوسوں کے رستوں پر محکمہ صحت کے علاوہ واپڈا فائر بریگیڈ اور ریسکیو اداروں کے اہلکاروں کی خصوصی ڈیوٹیاں لگائی گئی تھیں۔ زخمی عزاداروں کی موقعہ پر ہی مرہم پٹی کی گئی۔شہر میں نو محرم سے ہی موٹر سائیکل پر ڈبل سواری کی پابندی نافذ تھی۔کسی بھی جگہ سے کسی ناخوشگوار واقعہ کی کوئی اطلاع نہیں ملی۔شہر بھر میںدودھ، شربت اور پانی کی سبیلیں لگائی گئیں، جبکہ جگہ جگہ لنگر کا اہتمام بھی کیا گیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

وزیرآباد (نامہ نگار) ڈاکخانہ میں ڈرائیونگ لائسنس کی ٹکٹیں نہ ملنے کی وجہ سے شہریوں کو پریشانی کا سامنا ۔ وزیرآباد کے ہیڈ پوسٹ آفس میں عرصہ دراز سے ڈرائیونگ لائسنس ٹکٹیں ناپید ہوچکی ہیں جس کی وجہ سے سینکڑوں شہری ڈرائیونگ لائسنس کی مدت معیاد ختم ہونے کی وجہ سے پریشان نظر آتے ہیں۔ شہریوں نے بتایا کہ لائسنسوں پر ٹکٹیں نہ لگنے کی وجہ سے انہیں روڈ پر سفر کرتے وقت پریشانی کاسامنا کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے محکمہ پوسٹ آفس کے اعلیٰ حکام سے صورتحال کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

وزیرآباد (نامہ نگار) ٹیسٹی شوارما ،برگرکھانے والے ایک ہی خاندان کے14افراد سمیت درجنوں افراد ہسپتال جا پہنچے ، ۔ شہر میں لذت اور ذائقہ کے نام پرفوڈ پوائنٹس چلانے والوں کوانسانی جانوں سے کھیلنے کی کھلی چھٹی دے دی گئی ،بیشتر افراد کو تشویشناک حالت میں گوجرانوالہ ریفر کردیا گیا۔یوم عاشور کے موقعہ پر جی ٹی روڈ الہٰ آبادلائیڈ بینک کے قریب قائم ” ٹیسٹی برگر اینڈ شوارما پوائنٹ ”سے برگر اور شوارما خرید کر کھانے والے درجنوں افراد کی حالت غیر ہوگئی۔مین باز ار الہٰ آباد کے رہائشی شکیل احمد مغل، شہباز احمد مغل اپنے اور گھروالوں کیلئے متذکرہ فوڈ کارنر سے برگر اور شوارمے خرید کر گھر لے گئے جنہیں کھاتے ہی سب کی حالت غیر ہوگئی ایک ہی گھر سے بچوں اور خواتین سمیت14افراد ہسپتال میں جا پہنچے ،سابق ناظم یونین کونسل الہ آباد خالد مغل کے اہلخانہ اور گھر آئے مہمانوں کی بھی برگر اور شوارمے کھانے کی وجہ سے حالت غیر ہوگئی۔دیگر متاثرین میںبلال زاہد، نورالامین،عامر خان، نعمان شہزاد، شاہزیب، حافظ عمر، سلیمان، شاہ رخ، محمد طاہر، خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد شامل ہے جن میں سے اکثر کو پرائیویٹ ہسپتالوں میں داخل کروادیا گیا ہے ۔ بیشتر متاثرہ افراد کو تشویشناک حالت میں گوجرانوالہ ریفر کردیا گیا ہے۔ واقعہ کا علم ہونے پر مضر صحت برگر اور شوارمے فروخت کرنے والے مالکان مہر مزمل، مہر معظم نے دکان بند کردی۔ واضح رہے کہ شہر میں جگہ جگہ فوڈ پوائنٹس کھلے ہیں جہاں حفظان صحت کے اصولوں کو نظر انداز کرتے ہوئے ناقص اور باسی میٹریل سے اشیائے خوردونوش تیار کی جاتی ہیں برگر وں ،شوارموں ،کبابوںاور دیگر اشیاء کو تلنے کیلئے کھلا گھی استعمال کیا جاتا ہے جو زیادہ تر مردہ جانوروں کی چربی اور مرغیوں کی انتڑیوں سے تیار ہوتا ہے۔ اسی طرح دیگر اشیاء بھی غیر معیاری اور زائد المیعاد ہوتی ہیں۔ مقامی انتظامیہ کی طرف سے فرضی کاروائیاں کرکے سب اچھا کی رپورٹس جاری کردی جاتی ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ انتظامی افسران چندہ خوری اور جرمانوں تک محدود ہیں جنہیں عوام الناس کی صحت ،مفادات سے کچھ غرض نہیں۔عوامی،سماجی حلقوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف، کمشنر گوجرانوالہ اور دیگر ارباب اختیار سے صورتحال کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

وزیرآباد (نامہ نگار) گوجرانوالہ الیکٹرک پاور کمپنی (گیپکو) کی سرویلنس ٹیموں کے چھاپے ،18بجلی چور پکڑے گئے،بجلی چوروں کو 52955یونٹس کی مد میں 7لاکھ 23ہزار سے زائد کے ڈیٹکشن بِل جاری۔ تفصیلات کے مطابق چیف ایگزیکٹو چوہدری محمد اکرم کی ہدایا ت پر گیپکو میں جاری بجلی چوروں کے خلاف گرینڈ آپریشن کے دوران مزید18بجلی چور رنگے ہاتھوںپکڑے گئے، مختلف حربوں سے بجلی چوری کرتے ہوئے پکڑے جانے والوںمیں محمد صدیق، محمد اصغر، محمد ارشد، یاسر عرفات، ارشاد احمد، محسن عباس، فیصل اقبال، احسان اللہ، محمد بلال، فتح محمد، منیر احمد، عبدالغفور، حاجی محمد شفیع، محمد نواز، امان اللہ، عرفان ، نصیر احمد اور محمد یوسف کے نام شامل ہیں۔بجلی چوروں کو 52955یونٹس کی مد میں 7لاکھ 23ہزار سے زائد کے ڈیٹیکشن بِل جاری کر دیئے گئے ہیں جبکہ تمام بجلی چوروں کے خلاف ایف آئی آر درج کروانے کیلئے متعلقہ تھانوں میں درخواستیں بھی دے دی گئی ہیں۔