وزیرآباد کی خبریں 5/11/2015

Wazirabad News

Wazirabad News

وزیرآباد (عدیل احمد خان لودھی) محکمہ ڈاک نے صارفین کیلئے سال کے 365 دن سروس کا آغاز وزیرآباد سے کردیا ہے۔ پوسٹ ماسٹر جنرل پنجاب محمد اسلم خان نیازی نے سروس کا باقاعدہ افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ ڈاک کروڑوں انسانوں کے آپس میں رابطوں کو یقینی بناتا ہے پاکستان پوسٹ نے اپنی عوام کیلئے سروسز کے نظام کو بہتر بنانے کا جو سلسلہ شروع کیا ہے وہ روز بروز بہتری کی جانب بڑھ رہا ہے گو کہ کم وسائل ہماری خدمات کی فراہمی میں آڑے آتے ہیں مگر ہم محدود وسائل میں رہ کر جدید ترین سہولیات متعارف کروارہے ہیں سال کے365دن چوبیس گھنٹے بلا تعطل سروس سے ہمارے لوگ مطمئن ہو کر سہولیات سے استفادہ حاصل کرسکیں گے پوسٹ ماسٹر جنرل نے کہا کہ محکمہ ڈاک گلی گلی نگر نگر رابطے قائم رکھنے کی روایات کو برقرار رکھتے ہوئے اپنے عوام الناس کیلئے مزید آسانیاں پیدا کرنے کے سفر پر گامزن ہے۔اس موقعہ پر محکمہ ڈاک کے سنیئر افسر اسرار الحق ، ڈپٹی پوسٹ ماسٹر سیالکوٹ ریجن عبدالغفور ، سپرنٹنڈنٹ ڈسٹرکٹ میل آفس لاہورمحمد سلیم سروری، سنیئر پوسٹ ماسٹر وزیرآباد خالد محمود ہاشمی بھی موجود تھے۔افسران نے کہا کہ ڈاک خانہ جات نا صرف شہریوں کے خطوط پارسلز وغیرہ کی ترسیل کو یقینی بناتے ہیں بلکہ مختلف محکموں کے صارفین کے یوٹیلٹی بلز آسانی سے جمع کئے جاتے ہیںپورا سال پوسٹ آفس کھلے رکھنے کے اس منصوبے سے شہریوں کو یقینا سستی اور معیاری سروسز کی سہولیات میسر آئیں گی اور عوام الناس کا قومی ادارے پر اعتماد میں اضافہ ہو گا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

وزیرآباد (نامہ نگار) سب ڈویژن گیپکو نمبر 2 کے کولار فیڈر پر ان بیلنس ٹرانسفارمروں کے جلنے کی وجہ سے آئے روز بجلی بند رہنا معمول بن گیا ۔اضافی لوڈ شیڈنگ کیساتھ اووربلنگ اور ڈی ٹیکشن بلوں کے ستائے شہری بھی احتجاج پر مجبور۔ ایس ڈی او اور عملہ شکایات کی صورت میں ٹیلی فون بھی اٹینڈ نہیں کرتے جس کی وجہ سے رات کے اوقات میں خصوصی طور پر شکایات درج کرانا بھی ناممکن بنا دیا گیا ہے ۔ ایس ڈی او نے لائن سپرنٹنڈنٹوں کی موجودگی میں لائن مینوں کو فیڈر انچارج بنا کر صورتحال مزید خراب کررکھی ہے ایسے فیڈر انچارج دیہاڑی کے چکروں میں رہتے ہیں یہی وجہ ہے کہ ماتحت عملہ ان کے احکامات خاطر میں نہیں لاتا ایس ڈی سی کنکشن سیکشن نے الگ سے دکان سجا رکھی ہے۔سب ڈویژن کا نظام درہم برہم ہونے کی وجہ سے ہزاروں صارفین سراپا احتجاج ہیں، عوامی سماجی حلقوں نے وزیر پانی وبجلی ، چیف ایگزیکٹو گیپکوسے سب ڈویژن کے حالات درست کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

وزیرآباد (عدیل احمد خان لودھی) 19 نومبر کو فیز ٹو میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے سلسلہ میں تیاریاں عروج پر پہنچ گئی ہیں۔ یونین کونسل سوہدرہ میں مسلم لیگ(ن) کے بلدیاتی امیدوار وں کی طرف سے دارہ چوہدیاں میں ایک بڑے جلسہ کا انعقاد کیا گیا ۔جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے ممبر صوبائی اسمبلی چوہدری شوکت منظور چیمہ نے کہا کہ میاںبرادران ملک کی تقدیر بدلنے کے لیے دن رات کوشاں ہیں۔ ملکی سطح پر درپیش عوامی مسائل کے حل کے لیے منصوبہ بندی کر لی گئی ہے بلدیاتی انتخابات اسی سلسلہ کی کڑی ہیں بلدیاتی نظام کے موثر ہونے سے گھر کی دہلیز پر شہریوں کو سہولیات میسر آئیں گی ۔ وہ وقت دور نہیں جب ہماری حکومت عوام کو درپیش تمام مسائل حل کرنے میں کامیاب ہوگی، انہوں نے کہا کہ ووٹ قوم کی امانت ہوتا ہے اور ہم اس امانت سے کبھی خیانت نہیں کریں گے امیدوار برائے چیئرمین حاجی سلیم دولہ نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) کے امیدوارخدمت کی سیاست کے داعی ہیںاسی خاطر لوگ جوق در جوق (ن) لیگی پینل کی حمایت کررہے ہیں۔ یونین کونسل سوہدرہ کی عوام جانتے ہیں کہ علاقہ میں ہونے والی ترقی کے پیچھے کس جماعت کا ہاتھ ہے مخالفین کے پاس سوائے جھوٹ کے کوئی منشور نہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام اپنی محبوب جماعت مسلم لیگ (ن) کے نامزد امیدواروں کو اپنا مینڈیٹ دے کر بھاری اکثریت سے کامیاب کریں انشاء اﷲ ہم اپنے علاقہ کی تعمیر وترقی اور فلاح وبہبود کیلئے بھرپور اقدامات اٹھائیں گے اور ہر طرح کے عوامی مسائل کے خاتمہ میں ہمیشہ پیش پیش ہوں گے۔اس موقعہ پر امیدوار برائے وائس چیئرمین اکمبل کمبوہ ،امیدوار برائے جنرل کونسلر چوہدری شمس و دیگر نے بھی خطاب کیا اور عوامی خدمت کے عزم کا اعادہ کیا۔