ہماری ویب رائٹرز کلب نئے عہدیداران کی میٹنگ کا انعقاد

Hamari Web  Reuters Club Meeting

Hamari Web Reuters Club Meeting

کراچی (محمد ارشد قریشی) 22 اپریل 2016 بروز جمعہ کو ہماری ویب کے کراچی دفتر میں ہماری ویب رائٹرز کلب کے سال 2016 کے لیے منتخب کردہ نئے عہدیداران اور گورننگ باڈی کے ممبران کی پہلی رسمی میٹنگ کا انعقاد کیا گیا سب سے پہلے اس میٹنگ میں نئے عہدیداران کو اپنے عہدے سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی گئی میٹنگ میں عہدیداران سے مستقبل میں کلب کے تحت منعقد کی جانے والی تقاریب اور تعمیری سرگرمیوں سمیت دیگر اہم امور پر بات چیت کی گئی۔

کلب عہدیداران سے مشاورت کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ نوجوان قلم کاروں کی حوصلہ افزائی کے لیے ہماری ویب کے آرٹیکل سیکشن میں نوجوان قلم کارکے نام ایک کیٹیگری متعارف کرائی جائے گی اور ساتھ ہی اس بات کا امکان ظاہر کیا گیا کہ ہر کلب ممبر اپنے حلقہ احباب میں موجود نوجوانوں کو اس کیٹگری میں اپنی تحاریر ارسال کرنے کے لیے راغب کرے گا اس کے علاوہ ہماری ویب رائٹرز کلب نوجوان قلم کاروں کی حوصلہ افزائی کے لیئےمختلف سطح پر پروگرام بھی منعقد کرے گا میٹنگ میں اس بات کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

آئندہ آنے والے چند ماہ کے دوران مشہور ادبی شخصیات کے اعزاز میں بھی پروگرام منعقد کیے جائیں تاکہ ہماری ویب کے کالم نگار نہ صرف ان شخصیات سے ملاقات کرسکیں بلکہ ان کے تجربات سے فائدہ بھی اٹھا سکیں، ہماری ویب رائیٹر کلب کے زیر احتمام بچوں کے درمیان مضمون نویسی کے مقابلے منعقد کیئے جائینگے اور بہترین تحریر پران کی حوصلہ افزائی کے لیئے تعریفی اسناد دی جائینگی، میٹنگ میں تمام فیصلے عہدیداروں کی جانب سے پیش کردہ تجاویز اور مشاورت کی روشنی میں کیے گئے۔

دوران میٹنگ رائیٹر کلب کے صدر ڈاکٹر رئیس صمدانی صاحب نے 23 اپریل کو منائے جانے والے کتابوں کے عالمی دن کے حوالے سے کتب بینی کی افادیت اور اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ اچھی اور معیاری کتابیں انسان کی بہترین دوست ہوتی ہیں جو انسان کی شخصیت میں نکھار پیدا کرتی ہیں ڈاکٹر رئیس صمدانی صاحب نے کہا کہ جدید دور میں انٹرنیٹ کی اہمیت اور افادیت سے انکار نہیں کیا جاسکتا لیکن انٹرنیٹ پر آن لائن کتابوں کے ہونے کے باوجود جلدی کتابوں کی اہمیت آج بھی اپنی جگہ برقرار ہے اگر آپ اپنے کسی پیارے کو کوئی تحفہ دینا چاہتے ہیں تو یقین جانیں ایک عمدہ کتاب سے بہترین تحفہ کوئی نہیں۔