ریلوے روڈ پر شریف سینٹری سٹور پر ہونیوالی ڈکیتی نے تاجروں کو شدید عدم تحفظ کا شکار کر دیا

Robbery

Robbery

فیصل آباد : بدھ کے روز ریلوے روڈ پر شریف سینٹری سٹور پر ہونیوالی ڈکیتی نے تاجروں کو شدید عدم تحفظ کا شکار کر دیا ہے۔ ڈکیتیوں نے صرف عبدالحئی کو ہی نہیں لوٹا بلکہ اس روڈ کے ہر دکاندار کو لوٹا ہے۔

پولیس کو کئی مرتبہ اپنے تحفظات اور خدشات بارے آگاہ کیا مگر متعلقہ تھانہ کسی بھی قسم کی سکیورٹی یا گشت کا باضابطہ انتظام نہیں کر سکا جس کی ہم مذمت کرتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انجمن تاجران ریلوے روڈ کے صدر چوہدری راشد منظور اور جنرل سیکرٹری آفتاب بٹ نے اپنے مذمتی بیان میں کیا۔

انہوں نے کہا کہ جس شہر میں حکومتی ایم این اے محفوظ نہ ہو وہاں عام شہری یا تاجر کس طرح محفوظ رہ سکتے ہیں۔ اگر پولیس کسی جگہ ناکے لگاتی ہے تو وہ صرف موٹرسائیکل سواروں کو روک کر 10 روپے سے لیکر 50 روپے تک کی دیہاڑی لگانے کے لیے ہوتے ہیں۔ اہلکاروں نے کبھی کوئی کار یا اس سے بڑی گاڑی کو روکنے کی جرات نہیں کی۔

مشاہدے میں یہ بات بھی آئی ہے کہ جہاں جہاں پولیس کے ناکے ہوتے ہیں وہاں وہاں ہی ڈاکے ہوتے ہیں۔ اگر پولیس نے عبدالحئی کے ساتھ واردات کرنیوالوں کو گرفتار نہ کیا تو مجبوراً ہم بھی چیمبر آف کامرس کی طرف سے دی گئی پولیس کو ڈیڈلائن کا حصہ بن جائیں گے۔