ہفتہ وار مہنگائی کی شرح میں 0.21 فیصد کمی

Vegetables Price

Vegetables Price

کراچی (جیوڈیسک) پاکستان میں گزشتہ ہفتے مہنگائی کی شرح میں ہفتہ وار بنیادوں پر 0.21 فیصد کمی آئی تاہم سالانہ بنیادوں پر افراط زر میں 3.74 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

پاکستان بیورو شماریات (پی بی ایس) سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق 14جنوری کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران 12 سے 18 ہزار روپے ماہانہ کمانے والوں کے لیے مہنگائی کی شرح میں سب سے زیادہ 0.23 فیصد اور 35 ہزار روپے سے زائد ماہانہ کمانے ولوں کے لیے سب سے کم 0.19 فیصد کمی ہوئی۔

اس کے علاوہ باقی تمام افراد کے لیے مہنگائی میں 0.21 فیصد کمی آئی۔ پی بی ایس کے مطابق گزشتہ ہفتے 10اشیا کی قیمتوںمیں اضافہ، 15 اشیا کی قیمتوں میں کمی اور28اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کوئی ردوبدل نہیں ہوا۔اعدادوشمار کے مطابق چینی کی قیمت 3.31 فیصد یا 2 روپے فی کلو گرام کے اضافے سے اوسطاً 58.34 روپے سے بڑھ کر 60.27 روپے فی کلوگرام ہو گئی جبکہ زندہ مرغی کی قیمت کم وبیش ساڑھے3روپے (2.30 فیصد ) کے اضافے سے 154.57 روپے فی کلوگرام ہوگئی، اسی طرح جلانے کی لکڑی کی قیمت 0.98 فیصد یا تقریباً6 روپے بڑھ کر604.21 روپے فی 40 کلوگرام ہوگئی۔

اری6 چاول کی قیمت اوسطاً0.81 فیصد بڑھ کر46.28 روپے فی کلوگرام، درمیانے درجے کے ہوٹل میں پکی دال کی فی پلیٹ قیمت 0.55 فیصد کے اضافے سے اوسطاً 53.49روپے، سرخ مرچ پسی ہوئی کھلی کی قیمت 0.43 فیصد بڑھ کر273.70 روپے فی کلوگرام، لہسن کی 0.20 فیصد کے اضافے سے 234.81 روپے فی کلو گرام، دال ماش کی 0.18 فیصد بڑھ کر255.59 روپے فی کلوگرام، اوسط درجے کے گڑ کی قیمت0.17 فیصد کے اضافے سے 86.62 روپے فی کلوگرام اور دال مسور کی بھی 0.17 فیصد بڑھ کر147.71 روپے فی کلوگرام ہوگئی۔

اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ ہفتے ملک میں ٹماٹر کی قیمت اوسطاً کم وبیش 11 روپے یا 22.54 فیصد کی نمایاں کمی کے نتیجے میں 48.63 سے گھٹ کر 37.67 روپے فی کلوگرام، آلو کی 6.11 فیصد کمی سے 22.92 سے کم ہو کر 21.52 روپے فی کلوگرام، پیاز کی 2.31 فیصد گھٹ کر43.23 سے کم ہو کر 44.25 روپے فی کلوگرام، ایل پی جی گھریلو سلنڈر کی 1.85 فیصد یا ساڑھے22 روپے کی کمی سے 1217.35سے گھٹ کر1194.85 روپے، کیلے کی 1.74 روپے گھٹ کر63.84 روپے فی درجن، انڈے کی 1.17 کمی سے 101.42 روپے فی درجن، باسمتی ٹوٹا چاول0.66 فیصد کمی سے 60.62 روپے فی کلوگرام، ہائی اسپیڈڈیزل کی قیمت 0.64 فیصد کمی سے 81.82 روپے فی لیٹر ہوگئی۔

اس کے علاوہ نہانے کے صابن، ویجیٹیبل گھی (ڈھائی کلو ٹن)، دال چنا، دال مونگ، آٹے، ویجیٹیبل گھی (کھلا/ تھیلی) اور گندم کی قیمتوں میں بھی کمی آئی۔