سردیوں میں جلد کو خشکی سے بچانے کے آسان طریقے

Skin Care

Skin Care

سردیوں کی آمد کے ساتھ ہی ہوا میں نمی کا تناسب کم ہو جاتا ہے جس کا اثر ہماری جلد پر پڑتا ہے اور جلد کھردری اور خشک ہونے کے ساتھ پھٹنے لگتی ہے، ماہرین کے مطابق سرد موسم میں جلد کی حفاظت پر تھوڑی سی توجہ دے کر اس کی خوبصورتی اور نکھار میں اضافہ کیا جا سکتا ہے۔

ماہرین امراض جلد کے مطابق زیادہ دیر تک گرم پانی سے نہانا بھی خشکی کا باعث بنتا ہے اس لئے سرد مودم میں غسل کرتے وقت اس بات کا دھیان رکھئے کہ پانی نیم گرم ہو اور غسل کا دورانیہ بھی 10 منٹ سے زیادہ نہ ہو۔ اس کے علاوہ جلد کی حفاظت کے لئے نہانے سے پہلے پانی میں بے بی آئل یا کوئی اور تیل لے کر اس کے چند قطرے پانی میں ڈال لیں اور سرسوں یا کھوپرے کے تیل سے جسم پر مالش کریں، یہ طریقہ جلد کو شاداب رکھنے میں انتہائی معاون ہوتا ہے۔ اس کے علاوہ نہانے کے بعد بدن اچھی طرح خشک کرلیں اور کسی اچھے سے باڈی لوشن سے مساج کریں۔ روزانہ رات سونے سے قبل منہ دھو کر اچھی سی کولڈ کریم لگانا بھی فائدہ مند ہے۔

سردیوں میں صابن کا استعمال کم کرنا چاہیئے کیونکہ اس سے جلد کی قدرتی نمی میں کمی ہوجاتی ہے۔اس کے علاوہ صابن کو جسم پر زیادہ رگڑنے سے بھی پرہیز کرنا چاہیئے کیونکہ اس طرح جلد پھٹنے اور متاثر ہونے کے امکانات زیادہ ہوتے ہیں،ماہرین کے مطابق چہرے کی صفائی کے لئے بیسن کا لیپ بہترین طریقہ ہے جس سے چہرہ چکنائی سے پاک اور فریش ہوجاتا ہے۔اگرکسی شخص کی جلد قدرتی طور پر خشک ہو تو اس کے لئے صابن سے پاک موسچرائزز کلینر کا استعمال بھی فائدہ مند ہو سکتا ہے۔

جن لوگوں کی جلدنازک ہوتی ہےسردیوں کے موسم میں ان کے ہاتھوں کی جلد بہت اترتی ہے۔ اس کے لئے ایک گلاس گلاب کے عرق میں دو چمچے گلیسرین ایک بڑے لیموں کا رس ملا کر کسی بوتل میں محفوظ کرلیں‘ رات کو سوتے وقت مساج کریں اور صبح دھولیں اور کوئی اچھا سا لوشن لگائیں۔

سردیوں میں جلد کو تروتازہ اور شاداب رکھنے کے لیے رات کو سوتے وقت معیاری کولڈ کریم اور موسچرائزر کا استعمال کرنے سے جلد میں ضروری نمی برقرار رہتی ہے اور یہ طریقہ اسے سرد موسم کے اثرات سے بھی محفوظ رکھتا ہے۔ ماہرین کے مطابق سردیوں میں پانی کا زیادہ جب کہ گرم مشروبات کا استعمال کم کردینا چاہئے، کیوں کہ یہ جسم سے پانی کے اخراج کا باعث بنتے ہیں۔

ماہرینِ صحت کے مطابق سرد موسم میں جلد کو تروتازہ رکھنے کے لیے زیادہ پانی پینا چاہیے۔ سردیوں میں مالٹے، سنگترے، گاجر، مولی اور دیگر موسمی پھلوں سے بھی جسم میں پانی کی کمی پوری کی جاسکتی ہے اور پانی سے ہم اپنی جلد کے لیے ضروری نمی حاصل کرسکتے ہیں۔ اس طرح جلد کی شادابی برقرار رہتی ہے اور جلد موسم کے اثرات سے محفوظ رہتی ہے۔