ود ہولڈنگ ٹیکس کے خلاف ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے

Protest

Protest

کراچی / لاہور (جیوڈیسک) آل پاکستان انجمن تاجران کی اپیل پر بدھ کو ملک بھر میں بینکوں سے لین دین پر ود ہولڈنگ ٹیکس کے نفاذ کے خلاف ملک بھر میں تاجروں نے احتجاجی مظاہرے کیے، احتجاجی کیمپ بھی لگائے گئے۔

کراچی، گوجرانوالہ، اسلام آباد، ملتان،سکھر، حیدرآباد، نواب شاہ، راولپنڈی میں احتجاجی کیمپوں کے ساتھ ساتھ ریلیاں بھی نکالی گئیں جس میں شرکا نے احتجاجی بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے اور وہ ودہولڈنگ ٹیکس واپس لینے کیلیے نعرے لگا رہے تھے۔

آل پاکستان انجمن تاجران کے جنرل سیکرٹری اور سپریم کونسل کے رکن نعیم میر نے لاہور میں پنجاب اسمبلی کے سامنے تاجروں کے احتجاجی کیمپ سے خطاب کے دوران اعلان کیا کہ ودہولڈنگ ٹیکس پر حکومتی رویے کیخلاف تاجر برادری جمعہ 4ستمبر کو’’یوم بددعا‘‘ منائے گی۔

تاجر جھولی اٹھاکر حکومت، آئی ایف ایم اور ایف بی آر کو بددعائیں دیں گے۔ انھوں نے کہاکہ ہم کاروبار کرنے والے لوگ احتجاج سے دورہی رہتے ہیں لیکن موجودہ صورتحال میں ہمیں احتجاج پر مجبور کیا جارہا ہے، تاجر اپنے جائز مطالبات کے حل کے لیے سڑکوں پر نکلے ہیں اس کے کوئی سیاسی مقاصد نہیں ہیں۔