خواتین ملک کی معاشی ترقی کے لیے متحرک کردار ادا کریں، چودھری محمد سرور

لاہور : گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے خواتین پر زور دیا ہے کہ وہ ملک کی معاشی ترقی کے لیے متحرک کردار ادا کریں کیونکہ اِس کے بغیر یہ ایک خواب ہی رہے گا۔ گورنر پنجاب لاہور چیمبر میں سنٹر فار انٹرنیشنل پرائیویٹ انٹرپرائزز (CIPE)ریجنل وومن ٹریننگ ورکشاپ کے شرکاء کے اعزاز میں دئیے گئے عشائیے سے خطاب کررہے تھے۔ لاہور چیمبر کے صدر فاروق افتخار، نائب صدر میاں ابوذر شاد، سائپ کے ڈپٹی ڈائریکٹر اینڈریو ولسن، کنٹری ڈائریکٹر معین فدا اور لاہور چیمبر کی سٹینڈنگ کمیٹی برائے وومن انٹرپنیور ڈیویلپمنٹ اینڈ ریسورس سنٹر کی کنوینر آسیہ صائل خان نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ ترقی یافتہ قوموں نے خواتین کو خود مختاری دیکر ترقی کی منازل طے کیں لہذا ہمیں بھی اس جانب توجہ دینا ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر اور سائپ کے اشتراک سے نہ صرف کاروباری شعبے سے وابستہ خواتین میں شعور پیدا ہورہا ہے بلکہ انہیں عالمی صورتحال سے بھی آگاہی مل رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت خواتین کو درپیش چیلنجز سے بخوبی آگا ہ ہے اور ان کے حل کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھارہی ہے۔ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر فاروق افتخار نے اپنے خطاب میں کہا کہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کاروباری شعبے سے وابستہ خواتین کی ترقی کے لیے ٹھوس اقدامات اٹھارہا ہے جن میں سیمینارز، کانفرنسز اور تربیتی پروگراموں کا انعقاد شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگرچہ موجودہ حکومت کاروباری شعبے سے وابستہ خواتین کی ترقی کے لیے کوششیں کررہی ہے مگر ضروری ہے کہ ان کے لیے خصوصی انسینٹوز کا اعلان کیا جائے تاکہ وہ بین الاقوامی سطح پر اپنا لوہا منوا سکیں۔ انہوں نے خواتین پر زور دیا کہ وہ اپنے کاروباروں کی ترقی کے لیے جدید تکنیکوں سے استفادہ کریں۔ سائپ کے کنٹری ڈائریکٹرمعین فدا نے شرکاء کو سنٹر فار انٹرنیشنل پرائیویٹ انٹرپرائزز کے بارے میں آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ اس کا مقصد کاروباری فضا کو بہتر بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اُن کا ادارہ کاروباری معلومات بڑھانے اور خواتین کو اپنے کاروبار شروع کرنے کی ترغیب دینے کے لیے کام کررہا ہے۔ لاہور چیمبر کی سٹینڈنگ کمیٹی برائے وومن انٹرپنیور ڈویلپمنٹ کی کنوینر آسیہ صائل خان نے لاہور چیمبر کے وومن ریسورس سنٹر کے بارے میں تفصیلات بیان کرتے ہوئے ورکنگ وومن کی تربیت اور ترقی کے لیے اقدامات اٹھانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ تمام شعبہ ہائے زندگی میں خواتین متحرک ہیں لہذا انہیں کاروباری شعبے میں قدم رکھ کر ملک کی معاشی ترقی میں بھی کردار ادا کرنا چاہیے۔ اس موقع پر ریتو سنگھ ویدیا، چھایا شرما، ریٹا بھنڈاری، سلیمہ احمد، گلشن نسرین چودھری، تانیہ وہاب، سروشی دوباش، فاطمہ امینہ، منجو کالرا پرکاش، پریم پرکاش و دیگر بھی موجود تھے۔