خواتین کو بااختیار بنانے کا عزم، قومی پالیسی بنانے کیلئے دس رکنی کمیٹی قائم

Women Committee Members

Women Committee Members

اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیر اعظم نواز شریف نے خواتین کو بااختیار کر نے سے متعلق قومی پالیسی بنانے کے لیے دس رکنی کمیٹی بنادی۔ کمیٹی کو پانچ مارچ تک سفارشات پیش کرنے کی ہدایت کردی گئی۔

وزیر اعظم نواز شریف نے خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے دس رکنی کمیٹی بنادی ہے۔ کمیٹی کو تمام سفارشات 5 مارچ تک پیش کرنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔ قومی پالیسی کا اعلان 8 مارچ کو خواتین کے عالمی دن کے موقع پر کیا جائے گا۔

کمیٹی کے کنوینئر وفاقی وزیر موسمی تغیرات زاہد حامد ہوں گے۔ کمیٹی کے ارکان میں وزیر مملکت صحت عامہ سائرہ افضل تارڑ، وزیر مملکت آئی ٹی انوشہ رحمان، معاون خصوصی خواجہ ظہیر احمد، اشتر اوصاف، ڈاکٹر شذرہ منصب، شائستہ پرویز ملک، عائشہ رضا فاروق، ارم بخاری، ڈاکٹر اعجاز منیر اور سیکرٹری کابینہ ڈویژن عباس شامل ہیں۔

وزیر اعظم آفس کا کہنا ہے کہ پالیسی کو ملکی و غیر ملکی قوانین کی روشنی میں حتمی شکل دینے کیلئے تمام فریقین کی مشاورت کے بعد ورکنگ پیپر تیار کر لیا گیا ہے۔