کارکنان کی بلاجواز گرفتاریاں قابل مذمت ہیں، رابطہ کمیٹی

Contact Committee

Contact Committee

کراچی (جیوڈیسک) متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے گزشتہ رات سے کراچی کے مختلف علاقوں میں رینجرز اور پولیس ودیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے چھاپہ مار کارر وائیوں کے دورا ن ایم کیو ایم کے بیگناہ کارکنان کی گرفتاریوں کی سخت الفا ظ میں مذمت کی ہے۔

ایک مذمتی بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے عیدالاضحیٰ کی آمد کے ساتھ ساتھ کارکنوں کی بلاجواز گرفتاریوں میں تیزی عیدالاضحیٰ کے موقع پر شہر میںامن اما ن کی فضا خراب کرنے اور شہریوں میں خوف وہراس پھیلانے کا سبب بن رہی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ بلاجواز چھاپوں اور گرفتاریوں سے ایسا لگتا ہے جیسے کراچی میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کو ایم کیو ایم کے خلاف کھلا لائسنس دے دیا گیا ہے جبکہ بیگناہ کارکنان کے خلاف ان کار روائیوں کو روکنے میں صوبائی و وفاقی حکومتیں بھی سنجیدہ نظر نہیں آ رہی ہیں۔

رابطہ کمیٹی نے وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف ، وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان ، گورنر سندھ، وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ عیدالاضحیٰ سے قبل کراچی میں رینجرز اور پولیس کی جانبدارانہ کار روائیوں کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ایم کیوا یم کے بیگناہ کارکنان کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنائیں اور شہر میں امن و امان قائم کرنے کے لئے اقدامات کریں۔

دریں اثنامتحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے ایم کیوایم شہداء و اسیران کمیٹی کے جوائنٹ انچارج شریف غوری کی علالت پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے ، اور کارکنان اور حق پرست عوام سے اپیل کی کہ وہ شریف غوری کی جلد و مکمل صحتیابی کیلئے اللہ تعالیٰ کے حضور خصوصی دعائیں کریں۔واضح رہے کہشریف غوری کراچی کے مقامی اسپتال میں امراض قلب کے انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں زیر علاج ہیں۔