دنیا کی سب سے بہترین فوج کی کمانڈ کرنا اعزاز تھا: جنرل راحیل شریف

Raheel Sharif

Raheel Sharif

راولپنڈی (جیوڈیسک) صدر ممنون حسین اور وزیراعظم نواز شریف سے آرمی چیف کی الگ الگ الوداعی ملاقات کی۔ دونوں رہنماؤں نے بطور سپہ سالار جنرل راحیل شریف کی خدمات کو سراہا۔ دہشتگردی کے خاتمے کیلئے بھر پور کردار کو خراج تحسین بھی پیش کیا۔ آرمی چیف نے پیشہ وارانہ فرائض کی ادائیگی میں تعاون پر صدر اور وزیراعظم کا شکریہ بھی ادا کیا۔ جنرل راحیل شریف نے جنرل ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی میں الوداعی کور کمانڈرز کانفرنس کی صدارت بھی کی۔

اس موقع پر آرمی چیف کا کہنا تھا تین سال تک دنیا کی بہترین فوج کی قیادت کرنا ان کیلئے اعزاز تھا۔ بطور سپہ سالار کامیابیاں کور کمانڈرز کے تعاون کا نتیجہ ہیں۔ نئے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بھی کانفرنس میں شرکت کی۔ جنرل راحیل شریف نے انہیں مبارکباد بھی دی۔ آرمی چیف نے آئی ایس آئی ہیڈ کوارٹرز کا الوداعی دورہ بھی کیا جہاں ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل رضوان اختر نے ان کا استقبال کیا۔

جنرل راحیل شریف نے آئی ایس آئی کے افسروں اور جوانوں کی دہشتگردی کیخلاف قربانیوں کو سراہا۔