عالمی بینک سماجی ترقی کے لیے پاکستان کو 46 ارب روپے فراہم کرے گا

World Bank

World Bank

کراچی (جیوڈیسک) پاکستان اور عالمی بنک نے ملک میں سماجی اقتصادی ترقی کیلئے 43 کروڑ 40 لاکھ ڈالر کے مالیت کے پانچ معاہدوں پر دستخط کئے ہیں۔

ان معاہدوں پر جمعرات کے روز اسلام آباد میں عالمی بینک کے ساتھ قرضے اور گرانٹس کے لیے اقتصادی امور ڈویژن کے وفاقی سیکریٹری طارق محمود پاشااور عالمی بینک کے قائم مقام کنٹری ڈائریکٹر انتھونی چولسٹ نے معاہدے پر دستخط کیے، اس مو قع پر وزیر خزانہ اسحاق ڈار بھی موجو د تھے ۔

وزیر خزانہ اسحق ڈار نے جو اس موقع پر مہمان خصوصی تھے کہا کہ عالمی بنک ڈویلپمنٹ پالیسی کریڈٹ ، بی آئی ایس پی ، خیبرپختونخوا ، فاٹا اور بلوچستان کے لئے فنڈز فراہم کرے گا۔

عالمی بینک کی یہ امداد مالیاتی شعبے ، سماجی تحفظ، ایس ایم ای ڈویلپمنٹ ، کمیونٹی انفرااسٹرکچر اور خدمات کے شعبوں کی ترقی پر خرچ کی جائے گی ، وزیر خزانہ نے ملک میں پائیدار اقتصادی ترقی کے لیے عالمی بینک کی امداد کو سراہا۔

مالیاتی شعبے کی ترقی کیلئے 32ارب روپے فراہم کیے جائیں گے ، بی آئی ایس پی کے سماجی تحفظ پروگرام کیلئے 11ارب روپے اور بلوچستان ، کے پی کے اور فاٹا کے مختلف منصوبوں کیلئے تین ارب 36کروڑ روپے فراہم کیے جائیں گے۔