عالمی برادری مقبوضہ کشمیر کی گھمبیر صورتحال کا فوری نوٹس لے، علی رضا سید کا جنیوا میں سیمینار سے خطاب

Seminar at Geneva

Seminar at Geneva

جنیوا (پ۔ر) کشمیر کونسل ای یوکے چیئرمین علی رضا سید نے کہا ہے کہ عالمی برادری مقبوضہ کشمیرکی گھمبیر صورتحال کا فوری نوٹس لے کر بھارت کو کشمیریوں پر مظالم سے روکے۔

وہ منگل کے روزسوئٹزرلینڈ کے دارالحکومت جینیوا میں کشمیرکے حوالے سے ایک سیمینار سے خطاب کر رہے تھے جس کا اہتمام سید فیض نقشبندی کی تنظیم پروٹیکشن آف وومن و چلڈرن رائٹس نے کیاتھا۔ ان دنوں جنیوا میں اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کے کونسل کا اجلاس جاری ہے جس میں آل پارٹیز حریت کانفرنس کے وفد نے الطاف حسین وانی کی قیادت میں شرکت کی۔

علی رضاسید نے کہاکہ وادی کشمیر کی صورتحال مسلسل گھمبیرہوتی جارہی ہے اور قابض حکام انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے مرتکب ہورہے ہیں۔علی رضاسید نے کہاکہ ماورائے عدالت قتل عام خاص طورپر نہتے اور پرامن مظاہرین پر حملے اور ان پر پیلٹ گن جیسے موذی ہتھیاراستعمال کرنا قابل مذمت ہیں۔ عالمی برادری کو چاہیے کہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کاسنجیدگی سے نوٹس لے۔ انھوں نے اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کی کونسل سے کہاکہ وہ حقائق جاننے کے لیے ایک وفد مقبوضہ کشمیر روانہ کرے۔

انھوں نے کہاکہ بڑاافسوس ہے کہ مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بڑی شدت سے جاری ہیں لیکن دنیامیں بھارت کو کوئی روکنے والا نہیں۔

چیئرمین کشمیرکونسل ای یو علی رضاسید نے جنیوا میں الطاف حسین وانی کی قیادت میں حریت کانفرنس کے وفد کی جانب سے مظلوم کشمیریوں کے حق میں مظاہرے سے بھی خطاب کیا۔ بارش کے باوجود لوگوں نے بڑی تعداد میں اس مظاہرے میں شرکت کی۔ علی رضا سید نے کہاکہ بھارت کے ظالمانہ ہتھکنڈے جموں و کشمیرکے عوام کو ان کے حق خودارادیت کے مطالبے سے نہیں روک سکتے۔ انھوں نے کشمیرکے تنازعے کے منصفانہ حل پر زوردیااور اس سلسلے میں اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل درآمد کا مطالبہ کیا۔

چیئرمین کشمیرکونسل ای یو علی رضا سید نے جنیوا میں اپنے ایک روزقیام کے دوران انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں کے عہدیداروں سے بھی ملاقاتیں کیں اور انہیں مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے آگاہ کیا۔

Ali Raza Syed

Ali Raza Syed

واضح رہے کہ اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے سالانہ اجلاس میں آل پارٹیز حریت کانفرنس کے وفد میں کشمیرانسٹی ٹیوٹ فار انٹرنیشنل ریلیشنز اسلام آباد کے ڈی جی سردار امجد یوسف، پروٹیکشن آف وومن و چلڈرن رائٹس کے سربراہ سید فیض نقشبندی، پرویز احمد اور حسن بنا بھی شامل تھے۔

حریت کانفرنس کے وفد نے اس دوران جنیوا میں کشمیریوں پر بھارتی مظالم کے حوالے سے ایک تصویری نمائش کا بھی اہتمام کیا۔

اس موقع پر آزادکشمیر اسمبلی کے سپیکرشاہ غلام قادر، اسمبلی میں حزب اختلاف کے قائد چوہدری یاسین، پی پی پی آزادکشمیرکے رہنماء چوہدری پرویز اشرف، ہاوس آف لارڈز کے ممبر لارڈ نذیراحمد، تحریک کشمیرکے محمد غالب اور یورپ کے دیگر ممالک سے آئے ہوئے کشمیری رہنماء موجود تھے۔