دنیا بھر کی طرح پیرس میں مقیم پاکستانیوں نے کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کا دن منایا

Kashmir Solidarity Day Paris

Kashmir Solidarity Day Paris

پیرس (نمائیندہ خصوصی) دنیا بھر کی طرح پیرس میں مقیم پاکستانیوں نے کشمیریوں کے ساتھ ہونے والے مظالم کے خلاف ان کے ساتھ اظہار یکجہتی کا دن منایا۔ جس میں پیرس میں مقیم پاکستانیوں اور کشمیریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔اس مظاہرے کا اہتمام پاکستان پریس کلب پیرس فرانس کے صدر صاحبزادہ عتیق الر حمن ، معروف کشمیری راہنما زاہد ہاشمی اور کشمیری راہنما راجہ اشفاق احمد نے کیا۔ اس مظاہرے میں تمام سیاسی جماعتوں کے نمائیندوں نے بھرپور حصہ لیا۔

مظاہرین نے سفارتخانے کے سامنے انڈیا کے خلاف سخت نعرے بازی کی۔ مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ کشمیر اور پاکستان ایک دوسرے کیلئے لازم و ملزوم ہیں۔کشمیر ایک حل طلب مسئلہ ہے جسے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیئے۔لیکن اس کے برعکس کشمیر میں بھارت کے ظلم وستم میں ہر روز اضافہ ہو رہا ہے۔

عالمی برادری کو چاہیئے کہ وہ کشمیریوں کو اپنا حق خود ارادیت دلوانے کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔ تقریب سے مظاہرے کے آرگنائزر صاحبزادہ عتیق الر حمن ، کشمیری رہنما زاہد ہاشمی ، راجہ اشفاق احمد ، محمد یوسف خان ، اصغر صغیر ، شمروز الہی گھمن ، ابرار کیانی ، راجہ مظہر ،چوہدری عبدالرؤف ، چوہدری منیر وڑائچ ، سردار اخلاق احمد ، میاں ذوالفقار جتالہ ، بلال خان ، یاسر قدیر ، عارف مصطفائی ، قاری فاروق ، وسیم اکرم ، مرزا خالد بشیر اور مسز سلطانہ نے بھی خطا ب کیا۔انہوں نے کہا کہ کشمیری اپنی آزادی کیلئے ہر قربانی دینے کے لئے تیار ہیں۔اور اب انہیں ظلم وستم کے ذریعے زیادہ دیر تک غلام نہیں رکھا جا سکتا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ کشمیریوں کی آزادی کی جدو جہد کی حمایت کی ہے اور کشمیر جلد از جلد آزاد ہو کر پاکستان کا حصہ بنے گا۔

مظاہرین نے اس موقع پر کہا کہ اقوام عالم کو کشمیر ایشو کو سنجیدہ لینا ہو گا اور مسئلہ کے حل کے لئے عملی اقدامات اٹھانا ہوں گےـ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر پوری دنیا اور بالخصوص یورپ کو اب خاموشی توڑنا ہو گی ـ مظاہرہ کے اہتمام قاری فاروق احمد نے دعائے خیر کرائی اور پریس کلب فرانس کے صدر صاحبزادہ عتیق الر حمن نے تمام لوگوں کا شکریہ ادا کیاـ