دنیا کے 3 چھوٹی کے سرجنز نے میاں نواز شریف کے دل کا بائی پاس آپریشن کیا ہے۔ حافظ طاہر جمیل

Hafiz Tahir Jamil

Hafiz Tahir Jamil

فیصل آباد : پاکستان مسلم لیگ ن کے صوبائی رہنما حافظ طاہر جمیل میاں نے ایک قومی اخبار میں وزیراعظم کی بیماری سے متعلق لکھے جانیوالے کالم کو صحافتی اصولوں کے منافی قرار دیتے ہوئے کہا کہ دنیا کے 3 چھوٹی کے سرجنز نے میاں نواز شریف کے دل کا بائی پاس آپریشن کیا ہے وہ اس سلسلہ میں اپنی رپورٹ اور میڈکو لیگل بھی جاری کریں گے جو نہ صرف انٹرنیشنل بلکہ قومی میڈیا پر بھی بڑی تفصیل کیساتھ دیکھا اور پڑھا جا سکے گا۔

کیا ایک شخص وطن عزیز میں افراتفری پھیلا کر لوگوں کو بے چین اور مایوس کرنے کیلئے کم تھا جو اب ایک سینئر ترین صحافی وکالم نگار اس قسم کے کالم لکھ کر اس کی ٹیم کا حصہ بننے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لندن کے ایک ہسپتال میں مسلسل 4سے 5گھنٹے تک آپریشن جاری رہا۔ مریم بی بی اور شریف فیملی کے دیگر ارکان ٹوئٹر، فیس بک اور سوشل میڈیا کے دیگر پیجز پر عوام کو مسلسل آگاہی اور پل پل کی رپورٹ دیتے رہے اس لیے اس آپریشن کو ٹوٹل ڈرامہ قرار دینا 20کروڑ عوام کے جذبات سے کھیلنے کے مترادف ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی اس سے قبل انجیوگرافی اور انجیوپلاسٹی ہو چکی تھی اور ڈاکٹر گزشتہ دو برسوں سے انہیں بائی پاس کرانے کا مشورہ دے رہے تھے تاہم وطن عزیز کی خدمت اور دہشتگردی کیخلاف جاری جنگ کی وجہ سے میاں نواز شریف آپریشن سے گریزاں تھے تاہم اب ان کا آپریشن ہو گیا اور کامیاب رہا جس پر ہم اﷲ کے حضور سجدہ سربجود ہیں۔