ورلڈ ٹی 20: آسٹریلیا نے بنگلادیش کو مات دے دی

Australia Win Against Bangladesh

Australia Win Against Bangladesh

بنگلور (جیوڈیسک) ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں پیر کو کھیلے گئے واحد میچ میں آسٹریلیا نے بنگلادیش کو تین وکٹ سے مات دے کر ٹورنامنٹ میں اپنے لیے دو قیمتی پوائنٹس حاصل کرتے ہوئے جیت کا کھاتہ کھول لیا ۔

بنگلور میں کھیلے گئے میچ میں بنگلادیش نے پہلے بیٹنگ کی تو ا وپنر محمد متھون اور نمبر چار پر بیٹنگ کے لیے آنے والے شکیب الحسن نے ہاتھ دکھائے ،ان دونوں کے بعد محمود اللہ اور مشفق الرحیم جم گئے۔محمود اللہ نے 29 گیندوں پر 7 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے ناقابل شکست 49رنز بنائے۔

مشفق الرحیم نے ناٹ آؤٹ پندرہ رنز اسکور کیے، بنگلادیش کا اسکور مقررہ اوورز میں پانچ وکٹ پر 156رنز ہی رہا۔آسٹریلیا کی جانب سے زیمپا نے تین اور واٹسن نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

جوابی اننگز میں اوپنر عثمان خواجہ نے ٹیم کو فتح کی راہ پر ڈالا، انہوں نے 58 رنز کی اننگز کھیلی۔وقفہ وقفہ سے آسٹریلیا کی وکٹیں گرتی رہیں لیکن بیٹسمین ٹیم کو ہدف تک لے کر جاتے رہے، میکس ویل کے26رنز نے ہدف کا تعاقب آسان بنا دیا۔

اور یوں کینگروز نے 19ویں اوور میں سات وکٹ کے نقصان پر ہدف حاصل کرلیا، بنگلہ دیش کے شکیب الحسن نے تین شکار کیے۔