ورلڈ ٹی 20، پاکستان کا میچ دھرم شالا سے کولکتہ منتقل

David Richardson

David Richardson

نیو دہلی (جیوڈیسک) بھارت میں جاری ٹی 20 ورلڈ کپ میں پاکستان کو میدان میں اترنے سے پہلے ہی بڑی فتح مل گئی۔ پاکستان نے بھارتی حکومت اور آئی سی سی کو جھکنے پر مجبور کر دیا۔

پاکستان کے مطالبے پر پاک بھارت میچ دھرم شالہ سے کلکتہ منتقل کر دیا گیا۔ چیف ایگزیکٹو آئی سی سی ڈیوڈ رچرڈ سن نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا میچ کو باہمی مشاورت کیوجہ سے کولکتہ منتقل کیا گیا ہے ٹیموں کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے۔ پاک بھارت میچ مقررہ تاریخ پر کولکتہ کے ایڈن گارڈنز میں ہو گا۔

ان کا مزید کہنا تھا موجودہ حالات میں میچ کا مقام تبدیل کرنا بہتر آپشن تھا اور سیکیورٹی کو مزید بہتر بنانے کا پلان بنا لیا ہے۔ ہماچل پردیش کے وزیر اعلیٰ نے پاکستانی ٹیم کو سیکیورٹی فراہم کرنے سے انکار کر دیا تھا جس کی وجہ سے ورلڈ کپ میں پاکستان کی شرکت کھٹائی میں پڑگئی تھی۔

ٹیم کے لیے حفاظتی انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے پاکستان کی سکیورٹی ٹیم بھارت گئی تھی جس کی سفارشات پر پاکستان نے میچ کی منتقلی کا مطالبہ کر دیا تھا۔