ورلڈ ٹی ٹوینٹی میں پاکستان کی شرکت حکومتی اجازت سے مشروط

ICC World Twenty20

ICC World Twenty20

لاہور (جیوڈیسک) بھارت میں ہونے والے ورلڈ ٹی ٹوینٹی میں پاکستان کی شرکت حکومتی اجازت سے مشروط ہے، اجازت نہ ملنے کی صورت میں قومی ٹیم ایونٹ سے دستبردار ہو سکتی ہے، پاکستان کے میچز سری لنکا یا بنگلہ دیش میں کرانے کی تجویز بھی سامنے آ گئی ہے۔

ورلڈ ٹی ٹوینٹی کے مقابلے بھارت میں آٹھ مارچ سے تین اپریل تک ہوں گے ، ہمسایہ ملک میں سکیورٹی کی خراب صورتحال کی وجہ سے قومی ٹیم کی میگا ایونٹ میں شرکت یقینی نہیں ہے اس سلسلے میں پی سی بی کو حکومتی احکامات کا انتظار ہے۔

ذرائع کے مطابق پی سی بی کے چئیر مین شہریار خان نے دبئی میں آئی سی سی میٹنگ میں یہ معاملہ اٹھایا، میٹنگ میں پاکستان کے میچز بھارت کی بجائے سری لنکا یا بنگلہ دیش میں کرانے کی تجویز سامنے آئی، اگر پی سی بی کو حکومت سے اجازت نہ ملی تو قومی ٹیم ورلڈ ٹی ٹوینٹی سے دستبردار بھی ہو سکتی ہے۔