عالمی ادارہ تجارت نے پاکستانی برآمدات کے لیے امداد کا اعلان کر دیا

Khurram Dastagir

Khurram Dastagir

اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی وزیر تجارت خرم دستگیر نے کہا ہے کہ تجارت کے ذریعے ملکی ترقی، غربت میں کمی اور خوشحالی کے لیے اقدامات کر رہے ہیں، حکومتی پالیسیوں سے ملک کی تجارت بہتر ہوئی۔

ڈائریکٹرجنرل ڈبلیو ٹی او ربرٹو ازیویدو کے ساتھ پریس کانفرنس کے دوران انھوں نے کہا کہ ڈبلیو ٹی او ملک میں تکینکی معاونت فراہم کرے گا، ہم آم، کینو سمیت دیگر اشیا کو فوکس کر رہے ہیں تاکہ ان کی برآمدات بڑھائی جا سکیں۔ ربرٹو ازیویدو نے کہاکہ ڈبلیو ٹی او میں 162ممالک ہیں جہاں ہر وقت مختلف مسائل پر تبادلہ خیال ہو رہا ہوتا ہے، پاکستان میں تجارت ترقی کر رہی ہے جو معاشی نمو کے لیے بہت ضروری ہے، میرا یہاں دورہ دنیا کو واضح الفاظ میں پیغام ہے۔

ڈبلیو ٹی او پاکستان کو برآمدی صلاحیت بڑھانے کے لیے امداد دے گی جو اشیا کی ویلیو ایڈیشن، افرادی قوت کی تربیت اور نئی مارکیٹس تلاش کرنے میں استعمال کی جائے گی، ترقی پزیر ممالک خصوصاً پاکستان کو چاہیے کہ ترقیاتی تجاویز پر ڈبلیو ٹی او سے تبادلہ خیال کریں۔ انہوں نے کہا کہ برآمدات میں پاکستان آگے بڑھ سکتا ہے، زراعت ترقی یافتہ اور ترقی پزیر ممالک کا اعلیٰ ترجیحی شعبہ ہے اور ڈبلیو ٹی او میں مسلسل زیربحث لایا جاتا ہے۔