یاسر کی گھومتی گیندوں پر سری لنکنز غش کھا کر گر پڑے

Yasir Shah

Yasir Shah

گال (جیوڈیسک) یاسر شاہ کی تباہ کن بولنگ اور اسد شفیق کی ذمہ دارانہ بیٹنگ کی بدولت پاکستان نے سری لنکا کو گال ٹیسٹ میں 10 وکٹوں سے شکست دے دی۔

سری لنکا کے گال انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ کے آخری روز یاسر شاہ نے اپنی تباہ کن بولنگ کی بدولت میچ کا نقشہ بدل دیا اور بے بس سری لنکن بلے بازبڑا اسکور بنانے میں ناکام رہے جب کہ پوری ٹیم 206 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔ قومی ٹیم کو جیت کے لئے صرف 90 رنز کا ہدف ملا جسے اوپننگ بلے باز احمد شہزاد اور محمد حفیظ نے 11.2 اوورز میں باآسانی حاصل کرلیا۔

محمد حفیظ نے 6 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 33 گیندوں پر46 جب کہ احمد شہزاد نے 6 چوکوں کی مدد سے 35 گیندوں پر43 رنزبنائے۔ پاکستان کی جانب سے میچ میں بہترین کارکردگی پیش کرنے پر وکٹ کیپر بلے بازسرفرازاحمد کو مین آف دی میچ اور یاسرشاہ کو بہترین بولر کے اعزاز سے نوازا گیا۔ گال ٹیسٹ میں فتح کے بعد قومی ٹیم کو سری لنکا کے خلاف 3 میچز پر مشتمل سیریز میں 0-1 کی برتری بھی حاصل ہوگئی۔

اس سے قبل پانچویں روز میزبان ٹیم نے اپنی نامکمل اننگز 63 رنز 2 کھلاڑی آؤٹ سے آغاز کیا تو ڈیمو کورارتنے 36 اور دلرووان پریرا صفر رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔ قومی ٹیم کو میچ کے شروع میں ہی پریرا کی شکل میں کامیابی ملی جو بغیر کوئی رنز بنائے یاسر شاہ کی گیند پر بولڈ ہوگئے اور مہمان ٹیم کا اسکور 132 رنز تک پہنچا تو لھیرو تھرمانے 44 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔

کھانے کے وقفے کے بعد سری لنکا کا مجموعی اسکور 144 تک پہنچا تو کپتان انجیلو میتیھوز یاسر شاہ کا شکار بن گئے، کریز پر جم کر کھیلنے والے اوپننگ بلے باز ڈیمو کورارتنے 79 رنز بنا کر میدان بدرہوئے جب کہ کتھرووان ویتھاناگے ایک، پرساد 2 اوررنگنا ہیراتھ ایک رن بناکر پویلین لوٹ گئے۔

پاکستان کی جانب سے دوسری اننگز میں یاسر شاہ نے 7، وہاب ریاض نے 2 جب کہ ذوالفقار بابر نے ایک وکٹ حاصل کی۔واضح رہے کہ گال ٹیسٹ کا پہلا روز بارش کی نذررہا جس کے بعد دوسرے روز قومی ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے ٹاس جیت کرپہلے میزبان ٹیم کو کھیلنے کی دعوت دی تو سری لنکا نے اپنی پہلی اننگز میں 300 رنز بنائے جس کے جواب میں پاکستان ٹیم 417 رنز پر سمٹ گئی جس کے بعد قومی ٹیم کو میزبان ٹیم پر 117 رنز کی برتری حاصل ہوگئی تھی۔

پاکستان کی جانب سے سری لنکا کو شکست کے بعد آئی سی سی کی جاری کردہ ٹیسٹ رینکنگ کے مطابق یونس خان ایک درجہ ترقی کے بعد پانچویں جب کہ یاسر شاہ 6 درجے ترقی کے بعداپنے کیریئر کی بہترین 14 ویں پوزیشن پر آگئے ہیں۔ آئی سی سی رینکنگ کے تحت آسٹریلیا کے اسٹیون اسمتھ پہلی، جنوبی افریقہ کے اے بی ڈیویلیرز دوسرے اور سری لنکن کھلاڑی کمار سنگاکارا تیسری پوزیشن پر براجمان ہیں جب کہ پاکستانی کھلاڑی یونس خان ایک درجہ ترقی کے بعد پانچویں، اسد شفیق 7 درجے ترقی کے بعد 12 ویں اور پاکستانی وکٹ کیپر سرفراز احمد 5 درجے ترقی کے بعد 16 ویں نمبر پر آگئے ہیں۔

آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں بولرز کی کیٹیگری میں جنوبی افریقہ کے ڈیل اسٹین پہلی، انگلینڈ کے جیمز اینڈرسن دوسری اورنیوزی لینڈ کے ٹرینٹ بولڈ تیسری پوزیشن پر ہیں جب کہ پاکستان کے جادو گر اسپن بولر سعید اجمل 11 ویں، سری لنکا کے خلاف تباہ کن بولنگ کرنے والے یاسر شاہ 6 درجے ترقی کے بعد 14 ویں، ذوالفقار بابر 33 ویں اورفاسٹ بولر وہاب ریاض 41 ویں نمبر پر آگئے ہیں۔