یاسر شاہ کی فٹنس میں بہتری، بولنگ شروع کر دی

Yasir Shah

Yasir Shah

کراچی (جیوڈیسک) مصباح الحق کی قیادت میں پاکستان ٹیم کا ایک اور امتحان 15 دسمبر سے برسبین میں شروع ہو گا، لیگ اسپنر یاسر شاہ نے ٹریننگ کا آغاز کر دیا ہے ۔ٹیم مینجمنٹ پہلے ٹیسٹ سے قبل یاسر شاہ کی مکمل فٹنس کے لیے پر امید ہے ۔

آسٹریلیا الیون کے خلاف 3 روزہ پریکٹس میچ میں کامیابی حاصل کرنے کے بعد قومی ٹیم اتوار کو برسبین پہنچ گئی ہے۔ کھلاڑی پیر سے برسبین میں ڈے نائٹ پریکٹس کا آغاز کریں گے۔

ٹیم انتظامیہ کے مطابق یاسر شاہ نے گزشتہ روز ٹریننگ کا آغاز کر دیا تھا ، وہ تیزی سے کمر کی تکلیف سے چھٹکارا پا رہے ہیں ، ٹیسٹ میچ سے قبل 3 ٹریننگ سیشن میں یاسر شاہ کی مکمل فٹنس کا جائزہ لیا جائے گا اور اس کے بعد ہی انہیں پہلے ٹیسٹ میں کھلانے کا فیصلہ کیا جائے گا۔

پاکستان ٹیم کے ذمے دار ذرائع کا کہنا ہے کہ یاسر شاہ کی فٹنس پوزیشن حوصلہ افزا ہے۔ انہوں نے ٹریننگ کے دوران ایئر اسپرنٹ بھی لگائے اور رننگ کی۔ نیٹ پر بولنگ بھی کی۔ پاکستانی ٹیم اتوار کو کینز سے دو گھنٹے کی مسافت طے کرکے برسبین پہنچی اورپیر کو پہلا پریکٹس سیشن ہوگا۔

ڈاکٹروں اور فزیو نے پاکستانی ٹیم انتظامیہ کو یقین دلایا ہے کہ یاسر شاہ پہلے ٹیسٹ میں شرکت کرسکیں اور اگلے 48 گھنٹے میں ان کی فٹنس پوزیشن میں مزید بہتری آئے گی۔ یاسر شاہ کو کمر میں تکلیف کے بعد ڈاکٹروں نے کم از کم دو دن آرام کا مشورہ دیا تھا۔

دریں اثناء لیفٹ آرم اسپنر محمد اصغر کو یاسر شاہ کو کور دینے کے لئے آسٹریلیا طلب کیا تھا۔چمن سے تعلق رکھنے والے 17 سالہ محمد اصغر اتوار کو کراچی سے روانہ ہوگئے اور پیر کو وہ برسبین میں پاکستانی ٹیم کو جوائن کریں گے۔ اور پریکٹس سیشن میں شریک ہوں گے۔