یاسر شاہ کی عمدہ باؤلنگ، پاکستان دوسرے ٹیسٹ میں فاتح

Pakistani Team

Pakistani Team

اسلام آباد (جیوڈیسک) پاکستان نے دوسرے کرکٹ ٹیسٹ میچ میں ویسٹ انڈیز کو 133 رنز سے شکست دے کر سیریز میں دو، صفر سے فیصلہ کن برتری حاصل کر لی ہے۔

ابوظہبی میں کھیلے جانے والے میچ میں ویسٹ انڈیز کو 456 رنز کا ہدف ملا تھا اور لیکن اس کی پوری ٹیم 322 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

میچ کے آخری روز منگل کو ویسٹ انڈیز جیت کے لیے ہدف سے 285 رنز کی دوری پر جب کہ پاکستان کو فتح کے لیے چھ وکٹیں درکار تھیں۔

پاکستانی اسپنر یاسر شاہ نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس اننگز میں بھی چھ حریف کھلاڑیوں کو راہ دکھائی اور میچ میں مجموعی طور پر دس وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔

انھوں نے اپنے ٹیسٹ کریئر میں دوسری مرتبہ دس وکٹیں حاصل کرنے کا اعزاز حاصل کی اور انھیں میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

میچ کے بعد اظہار خیال کرتے ہوئے یاسر شاہ نے کہا کہ ان کی کوشش تھی کہ مطلوبہ نتائج حاصل کرنے کے لیے وہ ایک مخصوص جگہہ پر گیند کریں جس میں وہ کامیاب رہے۔

فاتح کپتان کا کہنا تھا کہ اس طرح کی وکٹ پر دو مرتبہ پوری ٹیم کو آؤٹ کرنا بہت مشکل تھا لیکن ان کے باؤلروں نے بہت عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ ان کے بقول کھیل سے متعلق اپنے منصوبے پر کاربند رہنا کامیابی کے لیے ضروری ہے۔

ابو ظہبی ٹیسٹ میچ کھیلنے کے بعد کپتان مصباح الحق نے سب سے زیادہ (48) ٹیسٹ میچوں میں ٹیم کی قیادت کرنے کا سابق پاکستانی کپتان عمران خان کا ریکارڈ بھی برابر کر دیا ہے۔

اس ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پہلی اننگز میں 452 رنز بنائے تھے جس میں یونس خان کے شاندار 127 انفرادی رنز بھی شامل تھے۔ ویسٹ انڈیز کی ٹیم پہلی اننگز میں 224 رنز بنا سکی تھی۔

میزبان ٹیم نے دوسری اننگز 227 رنز دو کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئر کر دی تھی۔ سیریز کا پہلا میچ پاکستان نے 56 رنز سے جیتا تھا جب کہ تیسرا اور آخری میچ 30 اکتوبر کو شارجہ میں کھیلا جائے گا۔