اگلے سال کمیونٹی میں نچلی سطح تک روابط کا سلسلہ بڑھایا جائے گا۔ امجد ملک

OPF Event

OPF Event

اولڈہم (نوید چوھان) اوورسیز پاکستانی فائونڈیشن کے چئیرمین بیرسٹر امجد ملک نے پاکستانی کمیونٹی سنٹر اولڈہم میں تارکین وطن کے بین الاقومی دن کے حوالے سے منعقد کی گئ تقریب سے خطاب کرتے ہوئےکہا کہ جب سے چئیرمین کی حثیت سے اس ادارے کا چارج سنبھالا ہے اس میں بنیادی تبدیلیوں اور کمیونٹی کے لیے موثر اور فعال ادارہ بنانے کے لیے مختلف شعبہ زندگی اور مکاتیب فکر اور پروفیشنلز کی آراء سے اس میں بہتری لانے کا سلسلہ بتدریج جاری ہے اگلے سال کمیونٹی میں نچلی سطح تک روابط کا سلسلہ بڑھایا جائے گا۔

واضح رہے کہ او پی ایف حکومت پاکستان کی وزارت برائے بیرون ممالک پاکستانیوں کے ماتحت ادارہ ہے اور بیرون ملک بسنے والوں پاکستانیوں کی رقم سے اپنا خرچہ اٹھاتا ہے۔جب سے بحیثیت چیئرمین اس کا چارج سنبھالا ہے اسے فعال بنانے کے لئے کمیونٹی سے آراء لیکر بنیادی تبدیلیاں لانے کا سلسلہ بتدریج جاری ہے اور اگلے سال کے آخر تک نچلی سطح سے کمیونٹی کے ساتھ روابط کا دائرہ کار بڑھایا جائے گا۔

راجہ آفتاب شریف اور ساتھیوں کی جانب سے بین الاقوامی تارکین وطن کے دن کی مناسبت سے رکھے گئے اس پروگرام میں تمام مکتبہ فکر کی شخصیات نے جن میں راجہ اﷲ دتہ بریڈ فورڈ’ راجہ یوسف بندوروی’ گوہر الماس لیڈز’ کونسلر جاوید بھٹی’ کونسلر عاصم رشید راچڈیل’ نامور اینکر پرسن اور اوورسیز پاکستانی فائونڈیشن سے وابستہ ثمینہ خان اور دیگر نے خصوصی شرکت کی۔

بیرسٹر امجد ملک کامزید کہنا تھا کہ ہم پورے ہفتے اس دن کو منا رہے ہیں اور اس ہفتے مختلف سرگرمیاں جاری رہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ او پی ایف کے تحت پاکستان کی مثبت اور اصل تصویر پیش کرنے’ سرمایہ کاری کے لئے پالیسیاں مرتب کرنے اور سرمایہ کاروں کو مکمل تحفظ فراہم کرنے کے لئے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں ۔ اوورسیز ایڈوائزری کونسل کی تشکیل کے لئے پوری دنیا سے ستر سے پچھتر افراد شامل کئے جائیں گے اور ان سے کمیونٹی کے مسائل کے حوالے سے رائے لی جایا کرے گی آزاد کشمیر کے لوگوں کو سہولیات کی فراہمی کے لئے ان کے علیحدہ پنجاب کمیشن کی طرز کے قیام کو یقینی بنانے کے لئے قانونی مسودہ تیار کرکے صدر آزاد کشمیر سردار مسعود احمد خان کو پیش کردیا ہے۔

دنیا بھر خصوصاً برطانیہ میں بسنے والے پاکستانیوں اور کشمیریوں کی شکایات پر پاکستان کے تمام بڑے ایئرپورٹس پر دوسرے آٹھ اداروں سے مل کر ایک ڈیسک قائم کردیا ہے جہاں پر فی الفور شکایات درج کی جاسکتی ہیں۔ ٹول فری نمبر بھی موجود ہے وہاں بغیر فیس ادا کئے رابطہ کیا جاسکتا ہے نادرا کے چیئرمین سے مل کر برطانیہ بھر میں نیکوپ کارڈ کے حصول کو آسان بنانے کے لئے کمیونٹی سرجریز کا دوبارہ آغاز ہوگیا ہے ساٹھ سال سے زائد عمر کے افراد کو مفت نیکوپ کارڈ کے اجراء اور موجودہ فیس میں کمی کے لئے گفت و شنید ہوئی ہے اور اب یہ معاملہ نادرا کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی میٹنگ میں اٹھایا جائے گا اس سلسلے میں قونصل جنرل مانچسٹر خراج تحسین کے لائق ہیں جنہوں نے اس پر سنجیدگی سے توجہ دلائی۔

انہوں نے کہا کہ کوشش ہے کہ جلد چار سو مندوبین پر مشتمل نمائندہ کنونشن بلا کر اس کا افتتاحی خطاب وزیراعظم پاکستان میاں نواز شریف سے جبکہ اختتام صدر مملکت ممنون حسین سے کروایا جائے۔ جیری کے متعلقہ معاملات لکھ کر دیں اس بارے بذات خود وزیراعظم آفس سے رابطہ کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ کام کے دوران بیرون ممالک شہید ہونے والوں یا پھر معذور افراد کے لئے کالونیاں بنا کر ان کے ورثاء کو گھر دیئے جائیں گے۔

پاکستان قونصلیٹ مانچسٹر کے قونصل جنرل ڈاکٹر ظہور احمد نے کہا کہ پاکستانی ثقافت اور محبت کے نوجوانوں اور بچوں میں فروغ کے لیے مانچسٹر قونصلیٹ اکثر مختلف تقاریب منعقد کرواتا رہتا ہے جیسے حالیہ کرسمس تقریب اور پاکستان کے حوالے سے تصویری نمائش جو کہ بچوں میں پاکستان کے مختلف علاقوں کو دیکھنےکے لیے مددگار ثابت ہوئی ہے ایسے میں اگر ہم بچوں کو سہولیات فراہم کریں گے تو وہ بار بار پاکستان جانا چاہیں گے جو کہ آنے والی نسلوں کے لیے بھی مشعل راہ ہو گی۔

ائیرپورٹ مسائل کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ بہت کم لوگ شکایت درج کرواتے ہیں اگر آپ کو واقعی دقّت کا سامنا ہے یا کوئی ائیرپورٹ اہلکار بلاوجہ تنگ کرتا ہے تو آپ اس کا نام ہم تک پہنچائیں ہم حکام بالا تک یہ معاملہ پہنچا کر مکمل تحقیق کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ قونصلیٹ نے کمیونٹی کے سہولت کے لئے موبائل نمبر بھی دے دیا ہے جہاں پر آپ ہفتہ’ اتوار بھی رابطہ کرسکتے ہیں اور جنوری میں قونصلیٹ کے اندر اردو کی کلاسز کا اجراء ہوگا اور GCSEلیول تعلیم دی جائے گی۔

سابق میئر کونسلر عتیق الرحمن نے کہا کہ ہمارے پیغمبر اسلام نے بھی ہجرت کی اور ہمیں فخر ہے کہ جس ٹاؤن میں رہ رہے ہیں اس نے ہمیشہ مہاجرین کو خوش آمدید کیا۔ پاکستان کے نامور صحافی نعیم مرزا نے کہا کہ بیرون ممالک خصوصاً برطانیہ بھر میں بسنے والے پاکستانی اور کشمیری ملک پاکستان سے بے پناہ محبت کرتے ہیں اور زرمبادلہ کی مد میں اور آفات کے موقع پر مدد ان کی حب الوطنی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

اس پروگرام کی نظامت راجہ آفتاب شریف نے سرانجام دی اور تلاوت کلام پاک کی سعادت قاری عبدالشکور نے حاصل کی پروگرام کی خصوصیت وقفہ سوالات تھا جس سے شرکاء کو او پی ایف کے اغراض و مقاصد اور سہولیات کے حوالے سے شکوک و شبہات دور کرنے کا موقع ملا۔

OPF Event

OPF Event

OPF Event

OPF Event