اگلے 15 سال کیلئے بجلی کا بحران حل کر دیا: وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی

 Shahid Khaqan Abbasi

Shahid Khaqan Abbasi

سیالکوٹ (جیوڈیسک) وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ ترقیاتی منصوبے علاقے کی قسمت کو بدل دیں گے، اگلے 15 سال کے لیے بجلی کا بحران حل کر دیا۔ انہوں نے کہا ملک میں انتشار پھیلانے کی کوشش کی گئی، ہم نے مخالفین کی پروا نہیں کی اور اپنا کام کرتے رہے۔

شاہد خاقان عباسی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا نواز شریف اور ن لیگ کی محنت اور وژن سے ترقیاتی کام مکمل ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا ن لیگ کی حکومت نے منصوبے شروع کیے اور ان کو مکمل کیا، 10 ہزار میگاواٹ بجلی کے منصوبے مکمل کیے۔

ان کا کہنا تھا این ایچ اے علاقے میں 200 ارب روپے کے منصوبوں پر کام کر رہا ہے، آج ہر صارف کو گیس مل رہی ہے، گیس کی قیمت کم کرنے پر بھی کام کر رہے ہیں۔

قبل ازیں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے سیالکوٹ ائرپورٹ کے بین الاقوامی ٹرمینل کا افتتاح کیا۔ وزیر داخلہ احسن اقبال اور مشیر ہوا بازی سردار مہتاب بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔

شاہد خاقان عباسی کو سیالکوٹ تا لاہور موٹروے پر این ایچ اے نے بریفنگ بھی دی۔