یمن: خندقیں، مورچے اور سرنگیں باغیوں کے خفیہ اسلحہ خانے

Yemen Rebel

Yemen Rebel

دبئی (جیوڈیسک) یمن میں حوثی باغیوں اور علی عبداللہ صالح کی وفادار ملیشیا کے گرد گھیرا تنگ ہونے کے ساتھ ساتھ ان کے خفیہ اسلحہ کے مراکز اور زیرزمیں ہتھیاروں کے ذخائر کا انکشاف بھی جاری ہے۔ العربیہ کو ایک فوٹیج حاصل ہوئی ہے جس میں باغیوں کے ہاں زیرزمین اسلحہ کے مراکز کا پتا چلایا گیا ہے۔

’’العربیہ‘‘ کو موصول ہونے والی ویڈیو میں سے پتا چلتا ہے کی حوثی باغی اور علی صالح کے وفادار زیر زمین خندقوں، سرنگوں، غاروں اور زمین دوز مورچوں کو اپنا اسلحہ اور گولہ بارود چھپانے کے لیے استعمال کرتے تھے۔ زیر زمین مورچوں میں نہ صرف اسلحہ چھپایا جاتا تھا بلکہ باغیوں کے لیے استعمال کی ضروری ادویات کو بھی وہیں ذخیرہ کیا جاتا رہا ہے۔

باغیوں کے زیرزمین اسلحہ کے ذخائر اور بارود رکھنے کے خفیہ ٹھکانوں کا پتا اتحادی طیاروں، یمنی فوج اور مزاحمتی ملیشیا کی آپریشنل کارروائیوں کے دوران سامنے آیا ہے۔

ویڈیو سے پتا چلتا ہے کہ باغی پانی کی ٹینکیوں کو زمین میں چار میٹر گہرائی میں دبانے کے بعد ان میں اسلحہ اور گولہ بارود چھپاتے رہے۔ تین تین میٹر کی سرنگیں کھودی جاتی اور انہیں اسلحہ اور گولہ بارود رکھا جاتا۔ زیرزمین بعض خندقوں کی لمبائی پچاس میٹر تک بھی معلوم ہوئی ہے۔

زیرزمین مورچوں کو ڈیڑھ میٹر گہری پکڈنڈیوں کے ذریعے آپس میں مربط کیا گیا ہے۔ جہاں اسلحہ کے ساتھ ساتھ زخمی ہونے والے عناصر کے لیے ادویہ بھی رکھی گئی ہیں۔ ان میں زخمیوں کے بہتے خون کو روکنے میں مدد دینے والی ادویات بھی شامل ہیں۔