وائی ایم سی اے کو قبضہ مافیا کے تسلط سے آزاد کرایا جائے۔ نعیم کھو کھر

Karachi

Karachi

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کرسچن ڈیموکریٹک یونین آف پاکستان کے چیئرمین نعیم کھوکھر نے ایپکس کمیٹی سندھ اور ڈی جی رینجرز سے اپیل کی ہے کہ وہ مسیحی عوام کے ادارے ” وائی ایم سی اے” کو قبضہ مافیا کے تسلط سے واگزار کراکر اقلیتوں کو انصاف فراہم کریں، اس حوالے سے CDUP کی جانب سے گورنر سندھ کو بھی ایک درخواست ارسال کی گئی ہے۔

نعیم کھوکھر نے مزید کہا کہ YMCA مسیحی عوام کا فلاحی ادارہ ہے یہاں کمیونٹی کی فلاح کے کام کے ساتھ ساتھ تعلیمی ادارہ بھی قائم ہے، لیکن کچھ عناصر کی جانب سے اسے ذاتی مفادات کی خاطر شادی ہال بنا دیا گیا ہے، جوکہ قابل مذمت اور غیر قانونی عمل ہے، کیونکہ اس سے مسیحی ادارے کا نہ صرف وقار مجروح ہو رہا ہے بلکہ عدالتی احکامات کی بھی خلاف ورزی کی جارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ دنوں سندھ ہائی کورٹ کے احکامات و گورنر سندھ کی ذاتی دلچسپی کے سبب YMCA میں قائم شادی ہال ختم کرادئیے گئے تھے، مگر تاحال ڈیکوریشن کا سامان و یہاں پڑا ہے اور قابضین بدستور یہاں پر براجمان ہیں، نعیم کھوکھر نے امید ظاہر کی ہے کہ اپیکس کمیٹی اور ڈی جی رینجرز YMCA کو مافیا کے تسلط سے واگزار کراکر مسیحی عوام کو انصاف دلائیں گے۔