نوجوانوں کی ’داعش‘ میں شمولیت روکنے کیلئے انٹرنیٹ مانیٹرنگ کی حمایت

David Cameron

David Cameron

بریٹیسلاوا (جیوڈیسک) برطانوی وزیراعظم نے یورپی نوجوانوں کا ’داعش‘ میں شمولیت روکنے کے لیئے انٹرنیٹ مانیٹرنگ کی حمایت کر دی ہے۔ سلوواکیہ میں ہونے والی سکیورٹی کانفرنس گلوبسیک سے خطاب کرتے ہوئے ڈیوڈ کیمرون کا کہنا تھا کہ عسکریت پسند گروپ اسلامک اسٹیٹ اپنی سرگرمیوں میں انٹرنیٹ کے استعمال پر غیر معمولی توجہ دے رہا ہے۔

جس کے ذریعے یہ شدت پسند گروہ اپنا جال دنیا بھر میں پھیلاتا جا رہا ہے، اس طرح داعش کے پھیلاؤ میں انٹرنیٹ ہی اہم ترین ہتھیار کا کام کر رہا ہے۔ یاد رہے کہ 1جولائی کو یورپی یونین کی پولیس ’یوروپول‘ اس مسئلے سے نمٹنے کے لیے اپنا ’انٹرنیٹ ریفرل یونٹ‘ لانچ کرنے والی ہے۔

اس یونٹ کا کام دہشتگردوں کی آن لائن سرگرمیوں پر نظر رکھنا اور آن لائن نشر کردہ پُرتشدد مواد کے پیچھے دہشتگردوں کی شناخت کو ظاہر کرنے اور اس عمل میں دیگر متعلقہ پارٹنرز کے ساتھ معلومات کے تبادلے کے لیے تعاون کرنا ہوگا۔